حکومت کا پیش کردہ بجٹ الفاظ کا ہیر پھیر اور جھوٹ کا پلندہ ہے‘ذکر اللہ مجاہد

بجلی، گیس، پانی کے بلوں میں بے تحاشہ اضافے نے غریب اور عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے‘احتجاجی مظاہرے سے خطاب

اتوار 20 جون 2021 16:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکومت کا پیش کردہ بجٹ الفاظ کا ہیر پھیر اور جھوٹ کا پلندہ ہے۔جس میں لوگوں کے لیے کوئی ریلیف نہیں۔ پوری قوم ظالمانہ بجٹ مسترد کرتی ہے۔حکومت کے بجٹ پیش کرنے کے دو دن بعد پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کہاں کی انسانیت ہے۔ دودھ کے اوپر بھی ٹیکس کا نفاذ قوم کیلئے کون سا ریلیف ہے۔

بجٹ میں پنشن کے اوپر بھی ٹیکس عائد کردیا گیا ہے، چینی گھی، آٹا، دالیں، مصالحہ جات سمیت ہر چیز غریب کی پہنچ سے باہر ہوتی جارہی ہے اور حکمران ترقی اور خوشحالی کے جھوٹے دعوؤں سے قوم کو بیوقوف بنارہے ہیں جو قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب لاہور کے باہر ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور حکومت کے پیش کردہ ظالم بجٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ بجٹ 2021 پاکستانی قوم کا نہیں بلکہ ورلڈ بنک اورآئی ایم ایف کا بجٹ ہے۔ بجلی، گیس، پانی کے بلوں میں بے تحاشہ اضافے نے قوم کی کمر توڑ دی ہے۔ بجٹ پیش ہونے کے بعد 7 روپے میں ملنے والی روٹی 10 کی ہوگئی ہے۔ معاشی حالات کی بہتری کا دعوی کرنے والے حکمران قوم کو بتائیں کہ ترقی کہاں پر ہوئی ہے۔ قائدین نے مزید کہا کہ ایک سال میں مہنگائی ڈبل فیگر سے ٹرپل فیگر میں پہنچ چکی ہے۔

ماہانہ 17 ہزار روپے کمانے والوں کے لیے مہنگائی کی شرح 8.72 فیصد کی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے۔ لوگ غربت اور کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے فاقے اورخود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ بزدار سرکار مہنگائی کو کم کرنے اور عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے فی الفور اقدامات کرے ورنہ جماعت اسلامی نے آج کا مظاہرہ مہنگائی کے خلاف علامتی طور پر کیا ہے۔

اگر عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو اپنی جدوجہد کومزید تیز کریں گے اور عوام کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز کو بلند کریں گے۔ جماعت اسلامی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے ملک کی تمام نام نہاد سیاسی و جمہوری پارٹیوں اور پارٹیاں اور جھنڈے تبدیل کرنے والے لیڈروں کو آزما لیا ہے سب نے دونوں ہاتھوں سے ملک و قوم کا خون نچوڑا ہے۔

اب قوم جماعت اسلامی کی باصلاحیت اور باکردار لیڈرشپ کا ساتھ دے اگر قوم نے جماعت اسلامی کی قیادت پر اپنے ووٹ کے ساتھ اعتماد کا اظہار کیا تو مایوس نہیں کریں گے بلکہ قرآن و سنت کے لافانی نظام کو ملک میں رائج کرکے قو م کو حقیقی تبدیلی کے ذریعے مدینہ کی ریاست بنا کردیکھائیں گے جس میں امیر و غریب کیلئے یکساں قوانین اور انصاف کی فراہمی ہوگی۔