مفتی ولی اللہ درس قر آن کے دوران خالق حقیقی سے جاملے

معروف عالم مفتی ولی اللہ معمول کے مطابق موضع کالو خان میں واقع مسجد میں درس قر آن دے رہے تھے کہ اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

Sajid Ali ساجد علی پیر 21 جون 2021 13:42

صوابی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 جون 2021ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر صوابی میں نوجوان عالم دین مفتی ولی اللہ درس قر آن کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معروف عالم مفتی ولی اللہ روز کی طرح موضع کالو خان میں واقع مسجد میں درس قر آن دے رہے تھے کہ اس دوران اچانک دل کا دورہ پڑا جو کہ جان لیوا ثابت ہوا اور فتی ولی اللہ خالق حقیقی سے جا ملے ، جس کے بعد مرحوم کو ان کے آبائی علاقے میں واقع قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل بھی ایک ایسی ہی خبر منظر عام پر آئی جب ایک مسجد کے خطیب حالت سجدہ میں انتقال فرما گئے ، اطلاع کے مطابق لاہورشہر کی ایک جامع مسجد کے خطیب نماز جمعہ سے قبل مسجد کے اندر حالت سجدہ میں خالق حقیقی سے جاملے ، ذرائع کے مطابق لاہور ڈیفنس فیز تھری بلاک ایکس میں واقع جامع مسجد کے خطیب مولانا عمر ابراہیم محراب کے اندر سنتیں پڑھ رہے تھے کہ اس دوران ان کا انتقال ہوگیا۔

(جاری ہے)

مسجد میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج منظر عام پر آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خطیب مسجد محراب کے اندر سنتوں کی ادائیگی میں مصروف تھے کہ اس دوران وہ حالت سجدہ میں گئے اور دوبارہ نہیں اٹھے ، اسی وقت ایک شخص نے محسوس کیا کہ ان کی طبیعت کچھ خراب ہے تو وہ فوراً انہیں اٹھانے گیا تاہم ان کا جسم ڈھیلا پڑچکا تھا ، لوگ جمع ہوئے انہیں ہسپتال لایا گیا جہاں ان کے انتقال کی تصدیق ہوئی ، بعد ازاں لاہور ڈیفنس فیز تھری بلاک ایکس میں واقع جامع مسجد کے خطیب مولانا عمر ابراہیم محراب مرحوم کی نماز جنازہ جامعہ اشرفیہ فیروزپور روڈ لاہور میں ادا کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :