اسلام آباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح کم ترین سطح پر آ گئی

کرونا کیسز اور اموات کی شرح میں بہت بڑی کمی ریکارڈ، 24 گھنٹے میں مثبت کیسزکی شرح 0.66 فیصد رہی، کورونا کے صرف 24 نئے کیسز سامنے آئے، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 21 جون 2021 19:35

اسلام آباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح کم ترین سطح پر آ گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین 21جون 2021) حکومت کے بروقت اقدامات اور کورونا ویکسی نیشن میں تیزی کے ثمرات، اسلام آباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 0.66 فیصد کی کم ترین سطح پر آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسز اور اموات کی شرح کم ترین سطح پر آ گئی،ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے میں مثبت کیسزکی شرح 0.66 فیصدریکارڈ کی گئی، اس دوران 3627 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ، جس میں سے 24 کورونا کیس رپورٹ ہوئے۔

ڈی ایچ او اسلام آباد نے درخواست کی کہ شہری ایس او پیز پر عملدرآمد کریں اور ویکسی نیشن کرائیں۔خیال رہے حکومتی اقدامات اور عوام کی جانب سے ویکسی نیشن کرانے میں تیزی کے باعث کرونا کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا کے مزید تیس مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد ملک بھر میں عالمی وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہزار سات ہوگئی۔

(جاری ہے)

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں 34ہزار754 کرونا ٹیسٹ کیےگئے، جن میں سے 907نئےکیسز سامنےآئے، اس دوران کرونا کےٹیسٹ مثبت آنےکی شرح2.6فیصد رہی۔اس دوران 829 افراد نے کرونا کو شکست دی ، جس کے بعد کرونا سے صحت یاب ہونے مریضوں کی تعداد 893148 تک جا پہنچی جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد34ہزار20ہوگئی ہے۔دوسری جانب صوبہ سندھ اور پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا میں بھی کورونا ویکیسن کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر سینٹرز میں عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لگائی جانے والی ویکسین ختم ہوگئی ہے جب کہ چند سینٹرز میں صرف ایک یا دو قسم کی ہی ویکسین دستیاب ہے ، جب کہ خیبرپختونخوا کے کسی بھی سینٹر میں اسٹرازینیکا ویکسین میسر نہیں ہے ، اسٹرازینیکا کی عدم دستیابی پر بیرون ملک جانے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔میڈیا رپورٹ میں محکمہ صحت کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں قائم سینٹر میں صرف سائنو ویک ویکسین دستیاب ہے ، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں سائنو ویک اور فائزر ویکسین میسر ہے ، خیبرٹیچنگ ہسپتال میں شہریوں کو صرف سائنو ویک ویکسین لگائی جا رہی ہے جب کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں صرف سائنو ویک ویکسین دستیاب ہے ، اس کے علاوہ مولوی امیر شاہ ہسپتال میں بھی صرف سائنو ویک ویکسین میسر ہے۔