ڈپٹی کمشنر آسیہ گُل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایگری کلچر ایڈوائزری کمیٹی /ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس کا اجلاس

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر زرعی سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے متعدد منصوبوں پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے ،ڈپٹی کمشنر

منگل 22 جون 2021 15:56

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2021ء) ڈپٹی کمشنر قصور آسیہ گُل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایگری کلچر ایڈوائزری کمیٹی /ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس کا اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو محکمہ زراعت توسیع ، واٹر مینجمنٹ ، ایگری گیشن ،لائیو سٹاک سمیت متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے بریفنگ دی، ڈپٹی کمشنر آسیہ گُل نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر زرعی سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے متعدد منصوبوں پر عمل در آمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور کاشتکاروں کو بیج،کھاد،زرعی ادویات پر سبسڈی دینے کیساتھ ساتھ کم قیمت پر زرعی آلات،ڈرپ اری گیشن سسٹم بھی فراہم کئے جا رہے ہیں جن پر کروڑوں روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی محکمہ زراعت کے افسران اور فیلڈ عملہ زرعی شعبہ کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے،جدید طریقہ کاشتکاری کو متعارف کروانے اور جدید ٹیکنالوجی کو چھوٹے کاشتکاروں کے کھیت تک لے جانے کیلئے ایمانداری،نیک نیتی سے محنت کریںاور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو ہدایات کی کہ کسانوں کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تا کہ کاشتکاروں کی مشکلات کا مزید بہتر طریقے سے ازالہ کیا جاسکے جس کے لئے متعلقہ افسران کو اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہو گا ۔

غیر معیاری بیج اور کھاد بیچنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے اور اس سلسلہ میں کسی بھی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع میں کھادوں کی مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے اور گراں فروشوں کی خلاف سخت کاروائی کی جائے۔