عثمان خان کاکڑ نے ہمیشہ آمریت کو للکار کر جمہوریت کا علم سربلند رکھا،آسیہ ناصر

پی ڈی ایم کی تحریک ایک نڈر رہنماء سے محروم ہوگئی ہے،سابق رکن قومی اسمبلی

بدھ 23 جون 2021 22:32

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2021ء) جمعیت علماء اسلام کی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی آسیہ ناصر نے سابق سینیٹر عثمان خان کاکڑ کی وفات پرانہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے ہمیشہ آمریت کو للکار کر جمہوریت کا علم سربلند رکھا،جمہوریت کے فروغ کیلئے بلا خوف آواز بلند کی،پی ڈی ایم کی تحریک ایک نڈر رہنماء سے محروم ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ساری زندگی سیاسی جدوجہد میں گزاری اور بے خوف ہوکر مظلوم عوام کی ترجمانی کی، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جمہوریت کیلئے بڑی قربانیاں دیں اور جمہوری نظام کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے دنیا سے رخصت ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے پارلیمنٹ میں اپنی توانا آواز سے ہمیشہ جمہوری قوتوں کو حوصلہ دیا، عثمان خان کاکڑ کو جمہوریت پسندوں کے صف اول کے رہنماؤں میں یاد رکھا جائے گا مرحوم نے حق گوئی اور مظلوم عوام اور بلوچستان کے حقوق کیلئے سینیٹ سمیت ہر فورم پر بہتر انداز میں نمائندگی کی مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کواپنے جواررحمت میں جگہ دے اورپسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔