پشاور،کیپٹل سٹی پولیس پشاور کا عوامی رابطہ مہم کے تحت پی ایل ممبران کے ساتھ خصوصی نشست کا سلسلہ

گل بہار اور دیگر ملحقہ علاقوں کے عمائدین کے ساتھ خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا

جمعرات 24 جون 2021 23:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2021ء) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے عوامی رابطہ مہم کے تحت پی ایل ممبران کے ساتھ خصوصی نشست کا سلسلہ شروع کیا ہے جس کے تحت گزشتہ روز گل بہار اور دیگر ملحقہ علاقوں کے عمائدین کے ساتھ خصوصی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، میٹنگ میں پی ایل سی ممبران، سابقہ بلدیاتی نمائندگان اور معززین علاقہ نے شرکت کی، میٹنگ کے دوران امن و امان کی صورتحال، منشیات اور دیگر جرائم کے تدارک اور مختلف معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی، شرکاء نے جرائم کی سرکوبی، ہوائی فائرنگ کی روک تھام، شادی بیاہ کے مواقع پر تکلیف دہ میوزیکل پروگراموں کے ساتھ ساتھ منشیات کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس ضمن میں پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرنے کا عزم دہرایا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی گل بہار رحمت اللہ خان نے تھانہ گل بہار کے عمائدین علاقہ، پی ایل سی ممبران اور سابقہ منتخب بلدیاتی نمائندگان کے ساتھ خصوصی میٹنگ کا انعقاد کیا ہے، اس موقع پر پی ایل سی ممبران اور علاقہ عمائدین نے منشیات کی روک تھام اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے موقع پر ہوائی فائرنگ، غیر شائستہ میوزیکل پروگرام کی روک تھام کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر ڈی ایس پی گل بہار رحمت اللہ نے واضح کیا کہ عوامی رابطہ مہم کے تحت پی ایل سی میٹنگز کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے تاکہ عوامی اجتماعی مسائل سے بروقت آگاہی حاصل کر کے ان کے حل کی سنجیدہ کوششوں کو ممکن بنایا جا سکے، انہوں نے مزید کہا کہ قیام امن کے ساتھ ساتھ مختلف جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کا سلسلہ جاری ہے جس کے دور رس نتائج سامنے آ رہے ہیں انہوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں پولیس کا ساتھ دیں جس پر اجلاس میں شریک مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے پولیس کی کوششوں کو بارآور اور مفید ثابت کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا