چیف جسٹس اور عدلیہ کے خلاف تقریر ، سپریم کورٹ کی مسعود الرحمان عباسی کو 2 جولائی تک تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت

مسعود الرحمان عباسی نے عدالت میں اپنی تقریر کو تسلیم کر لیا، سپریم کورٹ نے پی ٹی اے کو بھی نوٹس جاری کر دیا

پیر 28 جون 2021 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2021ء) چیف جسٹس اور عدلیہ کے خلاف تقریر کا معاملہ ،سپریم کورٹ نے پیپلز پارٹی پی ایس 114 کے سیکرٹری جنرل مسعود الرحمان عباسی کو 2 جولائی تک تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی،مسعود الرحمان عباسی نے عدالت میں اپنی تقریر کو تسلیم کر لیا، سپریم کورٹ نے پی ٹی اے کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔

پیر کو سپریم کورٹ میں رہنما پیپلزپارٹی سندھ مسعود الرحمان عباسی توہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے کی۔جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا آپ نے تقریر ہوش و حواس میں کی تھی جس پر مسعود الرحمان عباسی نے کہا ایسی بات نہیں ہے تقریر کے حوالے سے کچھ کہنا چاہتا ہوں، میری تقریر درست تھی ،کوئی ملاوٹ نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا آپ نے جو کہنا ہے تحریری طور پر دیں،عدالتی چھٹیاں ہونے والی ہیں بینچ کم ہوجائیگا اسلئے کیس کو جلد نمٹانا چاہتے ہیں،پیمرا حکام نے عدالت کو بتایا کہ کسی ٹی وی چینل نے تقریر نشر نہیں کی۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کیا توہین آمیز مواد سوشل میڈیا سے ہٹا دیا گیا ہی پی ٹی اے حکام نے بتایا کہ ایف آئی اے شواہد جمع کرلے پھر مواد ہٹا دینگے،پہلے مواد ہٹا دیتے تو تحقیقات متاثر ہوسکتی تھی،عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 جولائی تک ملتوی کردی۔