منشا بم کیس عدالت کا ایس ایس پی کا بیان ریکارڈ کا حصہ بنا دیا

جمعہ 2 جولائی 2021 17:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2021ء) لاہور ہائی کورٹ نے منشا بم کو سونا اور نقدی سپرداری پر نہ دینے کیخلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ایس ایس پی کا بیان ریکارڈ کا حصہ بنا دیا۔

(جاری ہے)

جسٹس علی ضیا باجوہ نے منشا بم کی سپرداری کی درخواست پر سماعت کی ،عدالتی حکم پر ایس ایس پی سی آئی اے پیش ہوئے،جسٹس علی ضیا باجوہ نے ایس ایس پی سے کہاکہ آپ کے اے ایس آئی مبشرنے گزشتہ سماعت پر سونا اور نقدی واپس کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی، مجھے بتائیں اس اے ایس آئی کے پیچھے کون بندہ ہے، ایس ایس پی سی آئی اے نے اے ایس آئی کی طرف سے غیر مشروط معافی مانگی اورکہا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد ہو گا۔

سرکاری وکیل نے سیشن عدالت کے سپرداری کے حکم کیخلاف ہائیکورٹ میں دائر اپیل کا نمبر پیش کیا اور استدعا کی کہ پراسیکیوشن نے سیشن عدالت کے حکم کیخلاف اپیل دائر کی ہوئی ہے، فیصلے کا انتظار کر لیا جائے۔درخواستگزار کے وکیل نے کہا کہ سرکاری وکیل عدالت میں غلط بیانی کر رہے ہیں، جسٹس علی ضیا نے کہا کہ پراسکیوشن پہلے اتنی دیر سوئی رہی، جب پتہ چلا کہ ہائیکورٹ سے حکم جاری ہو گیا تو آپ نے اپیل دائر کر دی۔ عدالت نے 8 جولائی کو عدالتی حکم پر عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی ہے۔