الشیخ عکرمہ صبری کا آٹھ ذی الحج مسجد اقصی کے تحفظ کا مطالبہ

انتہا پسند یہودیوں نے مسجد اقصی پر آٹھ ذی الحج کو دھاوا بولنے کا اعلان کیاہے،امام مسجد اقصیٰ

پیر 12 جولائی 2021 12:50

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2021ء) مسجد اقصی کے خطیب اور القدس سپریم اسلامی کمیٹی کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری نی8 ذی الحج کو مسجد اقصی میں یہودی آباد کاروں کے دھاووں کی منصوبہ بندی ناکام بنانے کے لیے قبلہ اول میں حاضری یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مسجد اقصی کے خطیب الشیخ صبری نے ایک بیان میں کہا کہ یہودی آباد کار 8 ذی الحج کو مسجد اقصی کا تقدس پامال کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس روز فلسطینیوں کو مسجد اقصی میں زیادہ سے زیادہ حاضری دے کرانتہا پسند یہودی شرپسندوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔الشیخ عکرمہ صبری نے یہودی آباد کاروں کی طرف سے القدس میں موجود مقدسات پر دھاووں کی دھمکی کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ انتہا پسند یہودیوں نے مسجد اقصی پر آٹھ ذی الحج کو اس لیے دھاوا بولنے کا اعلان کیا ہے تاکہ مسلمانوں کے مقدس مقام کی حج کے مقدس ایام میں بے حرمتی کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی نئی حکومت نے ثابت کیا کہ وہ مسلمانوں کے قبلہ اول کے لیے خطرہ بننے والے یہودی شرپسندوں کی پشت پناہی میں سابقہ حکومت سے پیچھے نہیں۔ تمام صہیونی فلسطینی قوم کے لیے یکساں مجرم ہیں۔