پیپلزپارٹی نے بھی طلباء کوامتحانات کی تیاری کیلئے وقت دینے کا مطالبہ کردیا

بچوں کے مطالبات جائز ہیں، طلباء کو امتحانات کی تیاری کیلئے 6 سے 8 ہفتوں کا وقت دیا جانا چاہیئے۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار

Sajid Ali ساجد علی پیر 12 جولائی 2021 19:54

پیپلزپارٹی نے بھی طلباء کوامتحانات کی تیاری کیلئے وقت دینے کا مطالبہ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 جولائی 2021ء ) پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی طلباء کوامتحانات کی تیاری کیلئے وقت دینے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ امتحانات کے حوالے سے بچوں کے مطالبات جائز ہیں ، طالب علموں کو امتحانات کی تیاری کے لیے 6 سے 8 ہفتوں کا وقت دیا جانا چاہیئے لیکن وزیرتعلیم نے کہا اپوزیشن سستی شہرت کیلئے ایسی باتیں کررہی ہے جو کہ انتہائی افسوس کی بات ہے۔

تاہم وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ جو طالب علم وقت مانگ رہے ہیں وہ سپلیمنٹری امتحان میں شرکت کرسکتے ہیں ، امتحانات منسوخ کرکے ذہین اور محنتی طلبہ کے ساتھ ناانصافی کیوں کی جائے؟ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امتحانات کیوں ملتوی کیے جائیں؟ جن طلبا کی تیاری ہے امتحانات ملتوی کرکے انہیں سزا کیوں دی جائے؟ جو طالب علم وقت مانگ رہے ہیں وہ سپلیمنٹری امتحان مین شرکت کرسکتے ہیں کیوں کہ تمام ہی بورڈز کے سپلیمنٹری امتحانات 2 سے 3 ماہ بعد ہوں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ طلبہ کے امتحانات کے معاملے پر سستی سیاست بند کی جائے، کل سے ملک بھر میں 12 ویں کے امتحانات شروع ہو رہے ہیں ، خواجہ سعد اور احسن اقبال کو پتہ ہونا چاہیے کہ امتحانات ہی طلبہ کی قابلیت جانچنے کا پیمانہ ہے، یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ وفاقی وزیر ہی ملک بھر میں امتحانات منسوخ کرنے کے احکامات دے سکتے ہیں، 30 تعلیمی بورڈز میں سے صرف فیڈرل بورڈ ہی وفاقی حکومت کے ماتحت ہے، طلبہ نے 12ویں جماعت کے بعد یونیورسٹیوں اور پروفیشنل تعلیمی اداروں میں داخلہ لینا ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے بھی ملک بھر میں امتحانات فوری طور پر ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا ، ن لیگ کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ میں وزیر تعلیم شفقت محمود کی ہٹ دھرمی اور بے حسی کی شدید مذمت کرتا ہوں ، امتحانات ملتوی کرنے کا طلبہ و طالبات کا مطالبہ جائز ہے، امتحانات کو کم اِز کم 45 دن کے لئے ملتوی کر کے انہیں کورس مکمل کروایا جائے ، جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چند ہفتوں کیلئے امتحان ملتوی کر دیں تو نتائج اچھے آئیں گے، یہ کسی ضد کا مسئلہ نہیں ہے، حکومت نظر ثانی کرے، میں نے کبھی حکومت سے درخواست نہیں آج کر رہا ہوں۔