زیادہ لسٹ اے سنچریاں، بابراعظم نے ڈیوڈ وارنر کا ریکارڈ برابر کردیا

قومی کپتان ابتک 147 لسٹ اے میچزمیں 54.76 کی اوسط سے 6901 رنزبنا چکے ہیں جس میں 24 سنچریاں اور 35 نصف سنچریاں شامل ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 14 جولائی 2021 16:48

زیادہ لسٹ اے سنچریاں، بابراعظم نے ڈیوڈ وارنر کا ریکارڈ برابر کردیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 جولائی 2021ء ) قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنے کا آسٹریلین اوپنر ڈیوڈ وارنر کا ریکارڈ برابر کردیا ۔ 26 سالہ بابراعظم نے انگلینڈ کیخلاف تیسرے ون ڈے میں 158 رنز کی شاندار باری کھیلی جو ان کے ون ڈے کیریئر کی 14ویں اور لسٹ اے کیریئر کی 24ویں سنچری تھی اور اس کے ساتھ ہی وہ زیادہ لسٹ اے سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں جیک کیلس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ڈیوڈ وارنر کے ہم پلہ ہوگئے ۔

بابراعظم اب تک 147 لسٹ اے میچز کی 144 اننگز میں 18 مرتبہ ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 54.76 کی اوسط سے 6901 رنز سکور کرچکے ہیں جس میں 24 سنچریاں اور 35 نصف سنچریاں شامل ہیں ۔ لسٹ اے کرکٹ میں پاکستان کیلئے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز خرم منظور کے پاس ہے جنہوں نے اب تک 27 سنچریاں سکور کررکھی ہیں۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے سابق اوپنر سعید انور 26 سنچریوں کیساتھ دوسرے نمبر پر ہیں ۔

سابق قومی کپتان سلمان بٹ اور موجودہ کپتان بابراعظم 24،24 سنچریوں کے ہمراہ اس فہرست میں مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر موجود ہیں، قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے بازکامران اکمل نے 21 سنچریوں کے ساتھ چوتھی پوزیشن سنبھال رکھی ہے ، ایشین بریڈمین ظہیر عباس 19 سنچریاں سکور کرکے 5 ویں جبکہ سابق ٹیسٹ اوپنر سلیم الہی 18 سنچریاں سکور کرکے چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں ۔

سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ 17 سنچریوں کے ساتھ 7 ویں ، سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد ، ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد ، سابق ون ڈے کپتان اظہر علی اور آل رائونڈر شعیب ملک 16،16 سنچریاں سکور کرکے مشتر کہ طور پر 8 ویں جب کہ سابق کپتان محمد یوسف ، رمیز راجہ اور عمران فرحت 15، 15 لسٹ اے سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر 9 ویں نمبر پر موجود ہیں۔