جعلی اکاوَنٹس کیس میں گرفتار ایک اور شریک ملزم نے پلی بارگین کرلی

ملزم سرور نے نیب کے ساتھ 3 کروڑ روپے کی پلی بارگین کی، نیب کی جانب سے پلی بارگین کی منظوری کی احتساب عدالت سے توثیق کروائی جائے گی۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 15 جولائی 2021 12:28

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 جولائی 2021ء ) قومی احتساب بیورو کی طرف سے جعلی اکاوَنٹس کیس میں گرفتار کیے گئے ایک اور شریک ملزم نے پلی بارگین کرلی ، ملزم پر ٹریکٹریوں کی خریداری میں کرپشن کا الزام تھا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق جعلی اکاوَنٹس کیس میں ٹریکٹر اسیکنڈل میں گرفتار ایک اور شریک ملزم نے پلی بارگین کرلی ، ملزم سرور نےنیب کے ساتھ 3 کروڑ روپے کی پلی بارگین کی ، چیئرمین نیب نے شریک ملزم سرور کی پلی بارگین کرنے کی درخواست منظور کر دی ، جس کے بعد اب نیب سرور کی پلی بارگین کی منظوری احتساب عدالت سے توثیق کروائے گی۔

علاوہ ازیں قومی احتساب بیورونے جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل میں پلی بارگین سے 21 ارب روپے مالیت کی ریکوری کرلی ، جعلی اکاؤنٹس کیس میں سرکاری زمینوں کی خرد برد میں اہم پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب بلڈراحسان الہٰی نے اعتراف جرم کرلیا ، جس کے بعد اسٹیل مل اورسندھ حکومت کی زمینیں وگزار کرالی گئی۔

(جاری ہے)

نیب کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مذکورہ بلڈر نے سرکاری زمین پر سوسائٹی کا منصوبہ بنایا ، جس کے لیے اس نے ڈی جی ایس بی سی اے منظور قادرکو35 ملین کی رشوت دے کر سوسائٹی کے منصوبے کی منظوری لی ، منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 562 ایکڑ سرکاری زمین کا غبن ہوا ، جہاں صرف 29 ایکڑ نجی زمین کے بدلے ملزمان نے 562 ایکڑسرکاری زمین ملیربن قاسم میں الاٹ کرائی ، جس میں 362 ایکڑ پاکستان اسٹیل کی تھی ، اس میں سے احسان الہٰی کےفرنٹ مین آفتاب پٹھان کے ذریعے 262 ایکڑ کی الاٹمنٹ کروائی گئی۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ پلی بارگین جرم کے زمرے میں آتا ہے،جس کی متعلقہ احتساب عدالتیں منظوری دیتی ہیںپلی بارگین کے بعد ملزم نہ صرف تحریری طور پراپنا جرم تسلیم کرتا ہے بلکہ لوٹی گئی رقم بھی قومی خزانے میں جمع کرواتا ہے، انہوں نے کہا کہ نیب بزنس کمیونٹی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، کیوں کہ وہ ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، نیب نے بزنس کمیونٹی کی شکایات کے ازالے کیلئے خصوصی سیل قائم کئے ہیں ، نیب بیوروکریسی کا بھی احترام کرتا ہے اور نیب کے دفتر آ نے والے تمام افراد کے عزت واحترام کی ہدایت کی گئی ہے ، نیب نے موجودہ انتظامیہ کے دور میں 487 ارب روپے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں جو کہ ایک نمایاں کامیابی ہے۔