الخیرٹرسٹ وقف قربانی کے ذریعے ہزاروں مستحقین کی خدمت کرے گا،محمدطاہرانصاری

پیر 19 جولائی 2021 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2021ء) الخیرٹرسٹ (العالمی)حسب سابق اس سال بھی قربانی کے گوشت کے ذریعے ہزاروں مستحقین، سفید پوش خاندانوں، یتیموں اور بیواں کی مددکریگا ان خیالات کا اظہار الخیرٹرسٹ کے ڈپٹی چیئرمین محمد طاہر انصاری نے مرکزی سیکرٹریٹ سائٹ ایریا میں ایک پریس بریفنگ میں کیا۔اس موقع پر الخیر ٹرسٹ کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری مولانا مشتاق الرحمن زاہد بھی موجود تھے۔

انہو ں نے کہا کہ اس سال ملک بھر میں بالخصوص گلگت بلتستان، دیر، چترال،ژوب، تھر،سجاول، پشین، بلوچستان، اندرون سندھ سمیت مختلف دیہاتی ایریاز اور کراچی کے مضافات میں سینکڑوں وقف قربانیاں کی جائیں گی جن کا گوشت ہزاروں نادار خاندانوں میں تقسیم کیاجائے گا اس حوالے سے مذکور ہ بالا علاقوں میں قربانی کے سینٹرز پہلے ہی قائم کئے گئے ہیں جہاں عید الاضحی کے تینوں دن وقف قربانیاں کی جائیں گی اور متاثرین میں گوشت تقسیم کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

الخیرٹرسٹ کے چیئرمین نے بتایا کہ وقف قربانیوں کے انتظامات عید سے قبل ہی مکمل کرلیے گئے ہیں اور الخیرٹرسٹ کے رضاکار اور نمائندے قربانی سینٹرز میں عید سے قبل ہی موجودرہیں گے اور عیدبھی مستحق و سفید پوش خاندانوں کے ساتھ گزاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ الخیرٹرسٹ ہر مشکل اور خوشی کی گھڑی میں متاثرین کی خدمت اپنے لیے سعادت سمجھتا ہے اور ان مواقع پر متاثرہ خاندانوں کو خصوصی طور پر یاد رکھاجاتا ہے بالخصوص خوشی کے مواقع پر بھی تاکہ وہ کسی قسم کی احساس محرومی کا شکا رنہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے مواقع پر ان بے سہارا خاندانوں کو بھی یاد رکھا جائے جو سال بھی گوشت کی نعمت سے محروم ہوتے ہیں محمد طاہر انصاری نے کہا کہ انسانیت کی خدمت دراصل رضائے الہی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے جس کے تحت اللہ تعالی کی خوشنودی اور قرب حاصل کیاجاسکتا ہے۔