انتہائی پسماندہ گاؤں ریحان والا کے رہائشی محنت کش کی بیٹی نے پنجاب یونیورسٹی گریجویشن تھرڈ ائیر کے رزلٹ میں نمایاں پوزیشن حاصل کر لی

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 20 جولائی 2021 12:16

انتہائی پسماندہ گاؤں ریحان والا کے رہائشی محنت کش کی بیٹی نے پنجاب ..
ننکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی 2021ء،نمائندہ خصوصی،اسامہ چوہدری) کے مطابق انتہائی مختصر وسائل کے باوجود بے حد پسماندہ گاؤں ریحان والا کے محنت کش محمد سرور کی صاحبزادی حسینہ سرور نے حالیہ سال پنجاب یونیورسٹی کی طرف سے جاری ہونے والے گریجویشن تھرڈ ائیر کے رزلٹ میں نمایاں پوزیشن حاصل کر کے اپنے والدین، ادارے اور علاقے کا نام روشن کر دیا۔

ہونہار طالبہ حسینہ سرور نے  بی۔ایس۔سی تھرڈ اٸیر کلاس میں 400 میں سے 332 نمبر لے کر اپنی ذہانت و قابليت کو ثابت کیا اور شاہدرہ، شرقپورشریف، موڑ کھنڈا، ضلع شیخوپورہ اور ضلع ننکانہ بھر میں سب سے نمایاں پوزیشن حاصل کی۔ سٹارز سکول اینڈ کالج منڈی فیض آباد کے پرنسپل انجئنیر خرم شہزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حسینہ سرور پچھلے تین سالوں سے ہمارے ادارے میں زیر تعلیم ہے، بچی کی قابلیت اور محنت کی بدولت طالبہ مکمل سکالرشپ پہ ہمارے ادارے میں زیر تعلیم ہے اور اس نمایاں کامیابی پہ حسینہ سرور نے اپنے والدین کے ساتھ ساتھ ہمارے ادارے کا نام بھی خوب روشن کیا ہے جو ہمارے لیے انتہائی قابل فخر ہے، ہمیں یقین ہے کہ اگلے سال پنجاب یونیورسٹی کے گریجویشن سیشن  میں ہماری طالبہ ٹاپ پوزیشن حاصل کرے گی۔

(جاری ہے)


حسینہ سرور نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ میں اس کامیابی پر سب سے پہلے اللہ پاک کی ذات کا شکر ادا کرتی ہوں کہ اللہ نے مجھے اس مقام پہ پہنچایا، میرے والدین آج اس کامیابی پر بے حد خوش ہیں اور یہ میرے لیے سب سے فخر والی بات ہے، میرے اساتذہ کا میری کامیابی میں سب سے اہم کردار ہے ان کی محنت کی ہی بدولت میں اس کامیابی کو حاصل کر سکی ہوں۔
علاقے بھر کے معززین اور لوگوں کی طرف سے اس تاریخی رزلٹ پر طالبہ کو،اسکے والدین کو، کالج کی انتظاميہ اور محترم اساتذہ کرام کو مبارک باد پیش کی گئی۔