سندھ حکومت بھی متاثرین ٹرانسفارمر حادثہ کو علاج معالجے کی سہولت فراہم نہ کرنے پر برابر کی ذمہ دار ہے، کنور نوید جمیل

وفاقی وزیر توانائی حامد اظہر حیدر آباد کا فوری دورہ کریں اور تحقیقاتی کمیٹی قائم کریں جو 15روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے

جمعہ 23 جولائی 2021 21:40

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ لطیف آباد اکبری مسجد کے قریب ٹرانسفارمر پھٹنے کے سانحہ کا جہاں حیسکو ذمہ دار ہے وہیں سندھ حکومت بھی متاثرین کو علاج معالجے کی سہولت فراہم نہ کرنے پر برابر کی ذمہ دار ہے، وفاقی وزیر توانائی حامد اظہر حیدر آباد کا فوری دورہ کریں اور تحقیقاتی کمیٹی قائم کریں جو 15روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے تاکہ ذمہ داروں کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جاسکے۔

متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے حیدر آباد لطیف آباد یونٹ نمبر8میں ٹرانسفارمر کے دھماکہ سے پھٹنے کی وجہ سے متعد د افراد کے جاں بحق ہونے پر حیدر آباد پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کی اور ایم کیوایم پاکستان حیدر آباد میں 24جولائی ہفتہ کو متاثرین ٹرانسفارمر اکبری گروانڈ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے یوم سوگ کا اعلان کیا، اس موقع پر ارکان اسمبلی صابر حسین قائم خانی ،راشد خلجی ،ندیم صدیقی، ڈسڑکٹ آرگنائزر ظفر احمد صدیقی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کنور نوید جمیل نے کہاکہ حیدر آباد لطیف آباد میں ہونے والے ٹرانسفارمر حادثہ حیدر آباد کی تاریخ کا بڑا حادثہ ہے بلکہ حیدر آباد لطیف آباد یونٹ نمبر8میں ٹرانسفارمر کے دھماکہ سے پھٹنے سے متعد د افراد کی ہلاکت قومی سانحہ ہے، حادثے کے متاثرین کو حیدر آباد میں علاج و معالج کی سہولیات فراہم نہ ہونا قابل مذمت ہے اورسندھ حکومت کی بے حسی نے شہری علاقوں کے ہسپتال بھی ویران کردیں ہیں جہاں علاج و معالج کی سہولتوں کا فقدان ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جہاں حیسکو انتظامیہ اس سانحہ کی ذمہ دار ہے وہاں سندھ حکومت بھی متاثرین کو علاج و معالج کی سہولت فراہم نہ کرنے پر برابر کی ذمہ دار ہے ۔انہوں نے کہاکہ متاثرین کو بروقت علاج ومعالج کی سہولت فراہم ہوجاتی تو آج ہمیں اتنی جانوں کے نقصان کو سامنا نہیں ہوتا ۔انہوں نے کہاکہ ارباب اختیار حیسکو انتظامیہ کی غفلت اور لاپروائی برتنے والے ذمہ ادران کیخلاف ایف آئی آر درج کی جائے ۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم حیدر آباد شہر میں ہونے والے ان حادثوں پر وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہے کہ وہ حیسکو کے تمام سسٹم کو اپ گریڈ کریں تاکہ اس قسم کے حادثوں سے بچاجاسکے ۔انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر توانائی حامد اظہر حیدر آباد کو فوری دورہ کریں اور تحقیقاتی کمیٹی قائم کریں جو 15دن میں اپنی رپورٹ پیش کریں تاکہ ذمہ داران کیخلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے۔

رکن قومی اسمبلی صابر حسین قائم خانی نے کہاکہ حیدر آباد شہر کیساتھ وفاقی حکومت انصاف کریں اور صوبائی حکومت بھی سندھ کے ہسپتالوں کی حالات بہتر بنائیں، انہوں نے کہاکہ شہید ہونے والوں کو معاوضہ دیا جائے جوکہ حیسکو اپنے ملازمین کو حادثہ کی صورت میں ادا کرتے ہے اور زخمی ہونے والوں کا مکمل علاج و دیکھ بھال کیاجائے اور انہیں بھی معاوضہ کی ادائیگی کیا جائے، رکن صوبائی اسمبلی راشد خلجی نے کہاکہ شہید ہونے والے اور مستقل معذور ہونے والے متاثرین کے لواحقین کو ملازمت فراہم کی جائے، رکن صوبائی اسمبلی ندیم صدیقی نے کہاکہ حیسکو کا 10سالہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے اور غیر میعاری سامان اور ٹرانسفارمر کی خریداری کی تحقیقات کرواجائے۔