موٹروے پولیس کی مختلف واقعات میں فرائض کی احسن انجام دہی جاری

دوران سفر خاندان سے بچھڑ جانے والی دو بچیوں کو گھر والوں سے ملا دیا

منگل 27 جولائی 2021 18:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) موٹروے پولیس کی مختلف واقعات میں فرائض کی احسن انجام دہی جاری ہے،دوران سفر خاندان سے بچھڑ جانے والی دو بچیوں کو گھر والوں سے ملا دیا۔تفصیلات کے مطابق تین سالہ عرفہ اپنے خاندان کے ہمراہ مظفرآباد سے ملتان کی جانب بذریعہ موٹروے سفر کر رہی تھی۔ کلر کہار سروس ایریا میں اس کے خاندان والے آرام کی غرض سے رکے اور سفر جاری رکھا لیکن عرفہ کو وہی بھول گئے دوران پٹرولنگ موٹروے پولیس کی ٹیم نے بچی کو سہمے ہوئے پایا معلومات لینے پر بچی کچھ نہ بتا سکی جس پر اسے حفاظتی تحویل میں لے کر اس کے والدین کی تلاش شروع کردی گئی چند گھنٹے بعد جب بچی کے خاندان والے ایک مرتبہ پھر رکے تو بچی کو نہ پاکر موٹروے پولیس سے رابطہ کیا جس پر بچی کو باحفاظت اس کے والد کے حوالے کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس طرح ایک اور واقعہ کے دوران 15 سالہ بچی اپنے خاندان کے ہمراہ مری سے واپسی پر ہکلہ سروس ایریا میں بچھڑ گئی۔ موٹروے پولیس نے پریشان حال بچی سے جب اس کے خاندان والوں کے بارے میں معلومات لینی چاہی تو بچی خاطر خواہ معلومات فراہم نہ کرسکی، جس پر اسے حفاظتی تحویل میں لیتے ہوئے اس کے خاندان کی تلاش شروع کر دی گئی اور لوکل پولیس کو بھی اطلاع دے دی گئی، مسلسل کوششوں کے بعد بچی کے رشتے دار سے رابطہ ہونے پر اسے اطلاع دی گئی، جس پر بچی کے خاندان والے سیال موڑ سے واپس آئے اور قانونی کاروائی مکمل کرنے کے بعد بچی کو باحفاظت اس کے والدکے حوالے کر دیا گیا۔ دونوں خاندان نے موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :