جنوبی افغانستان کے صوبہ ہلمند میں طالبان کاایک افغان فوجی ہیلی کاپٹر کو مار گرانے کا دعویٰ

منگل 27 جولائی 2021 23:29

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) جنوبی افغانستان کے صوبہ ہلمند میں طالبان نے ایک افغان فوجی ہیلی کاپٹر کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے تاہم افغان حکام نے کہا ہے کہ فنی خرابی اور تکنیکی وجوہات کی بنا پر ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ کی ہے جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

روسی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹویئٹر پر اپنے ٹوئیٹ میں دعوی کیا ہے کہ طالبان نے صوبہ ہلمند کے ضلع ناد علی میں ایک افغان فوجی ہیلی کاپٹر مار گرایا ہے جبکہ ضلع ناد علی کے مرکز پر قبضہ کرکے پولیس سربراہ کو یرغمال بنا لیا ہے۔

مجاہد کے مطابق طالبان کے اس حملہ میں متعدد افغان فوجی ہلاک و زخمی ہوگئے ہیں۔ ادھر افغان میڈیا نے افغان ملٹری فورسز کے بیان کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ صوبہ ہلمند میں گزشتہ شب افغان فوجی ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 نے فنی خرابی اور تکنیکی وجوہات کی بنا ہنگامی لینڈنگ کرلی جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر مکمل طور پر تباہ ہوگیا تاہم اس میں سوار تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ افغان فوج کے بیان میں طالبان کے خلاف آپریشن کے دوران 30 طالبان کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا گیا ہے تاہم طالبان نے بیان پر رد عمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔