حرمین شریفین انتظامیہ نے اُمت مسلمہ کو بڑی خوش خبری دے دی

مسجد الحرام میں توسیع کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا، تکمیل کے بعد ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ حجاج، معتمرین اور نمازیوں کے لیے گنجائش پیدا ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 29 جولائی 2021 12:34

حرمین شریفین انتظامیہ نے اُمت مسلمہ کو بڑی خوش خبری دے دی
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جولائی2021ء ) سعودی عرب میں واقع مسجد الحرام اور مسجد نبوی دُنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مقدس ترین مقامات ہیں۔ ہر سال یہاں پر حج، عمرہ اور نماز کی ادائیگی کی خاطر کروڑوں افراد آتے ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں آنے والوں کے لیے رہائش، عبادت اور ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولتیں مہیا کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہوتا ہے جس سے سے سعودی حکام بہترین انداز میں عہدہ برآہوتے ہیں۔

سعودی مملکت میں ہر سال حج اور عمرہ ادا کرنے والوں کی گنتی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ سعودی ویژن کے تحت اگلے چند سالوں میں سالانہ 3 کروڑ عمرہ زائرین لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے ضروری ہے کہ حرم شریف میں جگہ کی گنجائش بڑھائی جائے۔ اس حوالے سے حرمین شریفین کی انتظامیہ نے اُمت مسلمہ کو خوش خبری سُنا دی ہے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کے مطابق مسجد الحرام کے توسیعی منصوبے کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے۔

اس مرحلے کے تحت مسجد الحرام کے رقبے میں وسعت لائی جائے گی۔ جس کے بعد یہاں کا رقبہ 5 لاکھ 19 ہزار 149 مربع میٹر تک وسیع ہو جائے گا جس سے حجاج کرام، معتمرین اور نمازیوں کی پہلے کے مقابلے میں زیادہ گنجائش پیدا ہو سکے گی۔ حرم مکی کے تیسرے توسیعی منصوبے میں تعمیرات اور ترمیم سے متعلق 60 لائسنس جاری کر دیئے گئے ہیں۔حرمین شریفین کی انتظامیہ کے شعبہ تعمیرات نے بتایا ہے کہ حرم میں زائرین کی گنجائش بڑھانے اور انہیں بہترین خدمات کی فراہمی کے لیے نئے منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے، جن میں مطاف کی عمارت کی چھت، دوسری منزل اور اس کے اسٹرکچر کی تعمیر نو ، توسیع اورمرمت کے علاوہ مزید برقی زینوں کی تنصیب اور دیگر مقامات کی مرمت کا کام شامل ہے۔

اس کے علاوہ دروازوں اور مرکزی میناروں باب شاہ عبد العزیز، باب العمرہ اور باب الفتح کی توسیع بھی کی جائے گی۔انتظامیہ نے بتایا ہے کہ مطاف کی عمارت کی توسیع کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ میزانین پراجیکٹ کی دوسری منزل کا کام بھی تکمیل کو پہنچ چکا ہے۔ اس کے علاوہ بنیادی ڈھانچے اور دیگر بنیادی خدمات بھی مکمل کی جا چکی ہیں۔