صدر سے قاسم سوری اور گور نر بلوچستان کی ملاقات ، صوبے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

صوبے کی ماضی کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کیلئے بلوچستان پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، صدرمملکت وزیرِ اعظم کے بلوچستان پیکج سے صوبے میں خوشحالی آئے گی، گوادر بندرگاہ کی ترقی اور پاک چین اقتصادی راہداری سے علاقائی تجارت کو فروغ حاصل ہو گا، گفتگو

جمعرات 29 جولائی 2021 17:58

صدر سے قاسم سوری اور گور نر بلوچستان کی ملاقات ، صوبے کی صورتحال پر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) صدر عارف علوی سے قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری اور گورنر بلوچستان ، سید ظہور آغا نے ملاقات کی جس میں بلوچستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ صوبائی محتسب بلوچستان، نذر محمد بلوچ بھی ملاقات میں شریک تھے ۔صدر مملکت نے گورنر بلوچستان کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہاکہ صوبے کی ماضی کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کیلئے بلوچستان پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیرِ اعظم کے بلوچستان پیکج سے صوبے میں خوشحالی آئے گی، گوادر بندرگاہ کی ترقی اور پاک چین اقتصادی راہداری سے علاقائی تجارت کو فروغ حاصل ہو گا۔ صدر نے کہاکہ وفاقی حکومت بلوچستان کو دوسرے صوبوں کے برابر لانے کیلئے اقدامات کررہی ہے ، حکومت صوبے کی نوجوانوں کی تربیت اور انہیں روزگار کے مواقع مہیا کرنے کیلئے کام کررہی ہے۔