Live Updates

ہلال ِاحمر کی ریسپانس ٹیمیں، رضاکار الرٹ کردئیے گئے

بارشوں سے پیدا ہونے والی ناگہانی صورتحال میں ہلالِ احمر بھرپور خدمات فراہم کرے گا

Umer Abdur Rehman Janjua عمر عبد الرحمن جنجوعہ جمعرات 29 جولائی 2021 17:50

ہلال ِاحمر کی ریسپانس ٹیمیں، رضاکار الرٹ کردئیے گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی2021ء) ہلالِ احمر نے حالیہ مون سون بارشوں کے دوران نیشنل ہیڈکوارٹرز، صوبائی اور ضلعی برانچوں، ایمرجنسی و ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں، فرسٹ ایڈر، رضاکاروں، ہلالِ احمر ہسپتالوں اور ایمبولینس سروس کو الرٹ کردیا ہے۔ چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان جناب ابرار الحق نے گزشتہ روز ہلالِ احمر کے تمام شعبہ جات کو متحرک کردیا ہے تاکہ ممکنہ بارش سے ہونے والے نقصان سے بچا جاسکے۔

نیشنل ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اجلاس میں جناب ابرار الحق نے اقدامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری پیشگوئی کے بعد تمام علاقوں بشمول اسلام آباد میں ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ایمرجنسی ریسپانس اور ایمبولینس ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ کسی بھی ممکنہ ناگہانی صورتحال میں شہریوں کوسہولت فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہلالِ احمر کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹروں، پیرامیڈیکس کی 24 گھنٹے موجودگی کو یقینی بنانے اور بارش کے باعث پیدا سنگین صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامات کی ہدایت کی ہے۔مزید براں ہلالِ احمر کنٹرول روم مستعدی کے ساتھ صورتحال کو مانیٹر کررہا ہے اور ضرورت کے وقت رضاکاروں اور ایمبولینس سروس کو فوری مہیا کیا جائے گا۔ جناب چیئرمین ابرار الحق نے کہا ہے کہ شہری بلا ضرورت باہر نہ نکلیں اور غیر ضروری سفر سے بھی گریز کریں۔

شہری بجلی کے کھمبوں، درختوں اور ہورڈنگز کے نیچے کھڑے ہونے سے بھی اجتناب برتیں۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کے موسم میں ملک بھر میں کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہلالِ احمر، حکومت، پاک آرمی، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز، بحالی و ریلیف کے محکمہ جات کے ساتھ ریسپانس کیلئے مکمل تیار ہے۔ انہوں نے اِس اَمر کو دھرایا کہ ہلالِ احمر کے رضاکار ہمیشہ خلوصِ نیت سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرتے ہیں اور ضرورت کے وقت ریسپانس کیلئے ہمیشہ وقت تیار رہتے ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات