سعودی عرب نے سیاحوں کی آمد پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا

یکم اگست 2021ء سے دُنیا بھر سے ان تمام سیاحوں کو آنے کی اجازت ہو گی جنہوں نے ویکسین لگوا رکھی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 30 جولائی 2021 11:06

سعودی عرب نے سیاحوں کی آمد پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 جولائی2021ء) سعودی عرب اپنی تیل کی معیشت پر انحصار کم کر کے دیگر صنعتوں اور شعبوں کو ترقی دینے کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔ اسی مقصد کے لیے مملکت میں سیاحت کو بے پناہ فروغ دیا جا رہا ہے۔ تاہم کورونا وبا کی وجہ سے مملکت میں سیاحتی سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئی تھیں۔ اس حوالے سے کئی ماہ کے انتظار کے بعد خوش خبری آ گئی ہے۔

سعودی وزارت سیاحت نے اعلان کیا کہ مملکت میں سیاحوں کی آمد پر عاید عارضی پابندی یکم اگست سے بہ تدریج ختم کی جا رہی ہے۔ سعودی عرب کا سیاحتی ویزہ رکھنے والے افراد یکم اگست سے مملکت کا سفر کر سکیں گے۔العربیہ نیوز کے مطابق وزارت سیاحت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں سیاحت کی بحالی کو صحت کے پروٹوکول سے مشروط کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

صرف ان افراد کو مملکت میں سیاحت کے لیے داخلے کی اجازت ہوگی جو کرونا کی ویکسین لگوا چکے ہوں۔

کرونا ویکسی نیشن کا سرٹیفیکیٹ پیش کرنے پر بنیادی قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہو گی۔ اس کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو اپنے پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ اور 72 گھنٹے قبل کرونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ بھی پیش کرنا ہو گی۔بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کو اپنے بارے میں ضروری معلومات مندرجہ ذیل ویب لنک پر درج کرانا ہوں گی:
 "https://muqeem.sa/#/vaccine-regifications/home" 
 اور ’توکلنا‘ ایپ کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کرانا ہوگی۔

انہیں سعودی عرب میں ان پبلک مقامات کی نشاندہی کرنا ہوگی جہاں وہ جانا چاہتے ہیں۔جن لوگوں کی ویکسین مکم ل ہو چکی ہے، وہی مملکت میں داخل ہو سکتے ہیں۔ سیاحت کی غرض سے سعودی عرب میں داخلے سے پہلے منظور شدہ ویکسین فائزر،آسٹرا زینیکا یا موڈرنا کی دو خوراکیں لینا ضروری ہیں جبکہ جانسن اینڈ جانسن کی ایک خوراک کافی ہے۔سیاحتی ویزے کے حصول کے لیے visitsaudi.com پر آن لائن رجسٹریشن کی جاسکتی ہے۔