پیپلزپارٹی نے پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ مسترد کر دیا

پی ٹی آئی سرکار نے عوام کیلئے جیب کتروں کا روپ دھار لیا ہے، نیئر بخاری

ہفتہ 31 جولائی 2021 14:34

پیپلزپارٹی نے پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ مسترد کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سرکار نے عوام کیلئے جیب کتروں کا روپ دھار لیا ہے۔ایک بیان میں سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نیئر حسین بخاری نے کہا کہ آئی ایم ایف شرائط بجٹ کے بعد بھی عوام پر مسلسل پٹرول بم گرانے کے فیصلے قابل مذمت ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ سے مہنگائی میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی جیبیں بھرنے اور مافیا کو فائدہ پہنچانے کے لئے عوام دشمن اقدامات کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی بے روزگاری سونامی نے لوگوں کو اعصابی طور پر نڈھال کر رکھا ہے ۔نیئر بخاری نے کہا کہ روٹی روزگار چھیننے والے حکمران غریبوں کو سستی سواری سہولت سے محروم کرنے کے درپے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اشیاء ضروریہ پہلے ہی شہریوں کی دسترس سے باہر کر دی گئی ہیں ۔