افغانستان میں اقوام متحدہ کے دفتر پر حملہ، ایک سیکیورٹی گارڈ ہلاک

اقوام متحدہ مشن کے صوبائی ہیڈ کوارٹر کے قریب افغان فورسز اور طالبان میں زبردست جھڑپیں بھی ہوئیں،سیکورٹی اہلکار

ہفتہ 31 جولائی 2021 15:11

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2021ء) افغانستان کے مغربی صوبے ہرات کے دارالحکومت میں اقوام متحدہ کے مرکزی دفتر پر حملے میں ایک سیکیورٹی گارڈ ہلاک ہوگیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن کے عہدیدار نے بتایا کہ طالبان کے صوبہ ہرات میں داخل ہونے کے چند گھنٹوں کے بعد راکٹ اور دستی بم سے حملے کیے گئے اور افغانستان میں اقوام متحدہ مشن کے صوبائی ہیڈ کوارٹر کے قریب افغان سیکیورٹی فورسز اور طالبان میں زبردست جھڑپیں ہوئیں۔

اس حملے کے بعد اقوام متحدہ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ حملے کے بارے میں مکمل تصویر کشی کی کوشش کر رہے ہیں اور متعلقہ فریقین سے رابطے میں ہیں۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ عمارت پر کس نے حملہ کیا تھا لیکن ایک مغربی سیکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ شہر میں موجود تمام سفارتی عمارتوں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

افغانستان میں اقوام متحدہ مشن نے مزید کہا کہ یہ حملہ اس کمپائونڈ کے داخلی راستوں پر کیا گیا جن پر واضح طور پر لکھا ہوا ہے کہ یہ اقوام متحدہ کی عمارت ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل برائے افغانستان کے نمائندہ خصوصی دیبوراہ لیونس نے کہا کہ اقوام متحدہ کی عمارت پر کیا گیا یہ حملہ انتہائی افسوسناک ہے اور ہم اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔اقوام متحدہ کے مشن نے تصدیق کی کہ واقعے میں ادارے کے کسی فرد کو نقصان نہیں پہنچا۔دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ ممکن ہے کہ گارڈز دفتر کے قریب فائرنگ کے تبادلے کے دوران زخمی ہو گئے ،انہوں نے مزید کہا کہ طالبان کے جنگجو جائے حادثہ پر پہنچ گئے تھے اور اب اس عمارت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔