یونان میں ریکارڈ حد تک شدید گرمی کی طویل لہر ابھی جاری

DW ڈی ڈبلیو ہفتہ 31 جولائی 2021 16:00

یونان میں ریکارڈ حد تک شدید گرمی کی طویل لہر ابھی جاری

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 31 جولائی 2021ء) یونانی دارالحکومت ایتھنز سے ہفتہ اکتیس جولائی کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ موجودہ ویک اینڈ پر اور اگلے ہفتے ملک میں اور زیادہ گرمی پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس دوران درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔

شمالی امریکا جنگلات کی آگ اور گرمی کی شدید لہر سے دو چار

رہوڈز کے یونانی جزیرے پر منگل تین اگست کو ٹمپریچر تقریباﹰ 44 ڈگری تک پہنچ جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس یورپی ملک کو ان دنوں اتنی زیادہ گرمی کا سامنا ہے کہ رات کے وقت بھی درجہ حرارت بہت زیادہ رہنے لگا ہے، خاص طور پر گنجان آباد شہری علاقوں میں رات کے وقت بھی ٹمپریچر 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہی رہتا ہے۔

(جاری ہے)

'تاریخی حد تک شدید گرمی کی لہر‘

اتنی زیادہ گرمی کی وجہ سے کئی ماہرین موسمیات نے اس شدید موسم کو 'گرمی کی تاریخی حد تک شدید لہر‘ کا نام دیا ہے۔ اسی دوران جمعہ 30 جولائی کو شہری دفاع کے ملکی محکمے کا ایک ہنگامی اجلاس بھی ہوا، جس میں کسی بھی ایمرجنسی کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دیتے ہوئے ہنگامی مدد کرنے والے کارکنوں اور رضاکاروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔

ایتھنز میں ملکی وزارت محنت نے کہا ہے کہ عام کارکنوں کو جہاں تک ممکن ہو، کھلے آسمان کے نیچے دھوپ میں کام کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔

مہاجرین کے لیے ایئر کنڈیشنڈ خیمے اور کنٹینر

گرمی کی اسی شدید اور طویل لہر کی وجہ سے یونان کے مشرقی بحیرہ ایجیئن کے سمندری علاقے میں واقع ان جزیروں پر، جہاں پناہ کے متلاشی تارکین وطن کی رجسٹریشن اور ان کے قیام کے لیے بہت سے کیمپ قائم ہیں، ان تارکین وطن کو بھی اضافی لیکن ایئر کنڈیشنڈ خیمے اور کنٹینر مہیا کیے جا رہے ہیں۔

کینیڈا میں ریکارڈ گرمی کی لہر، دو سو سے زائد افراد ہلاک

اس کے علاوہ کئی شہروں اور قصبوں میں بلدیاتی حکومتوں نے ایسے مقامی باشندوں کے لیے بہت سے ایئر کنڈیشنڈ ہال بھی کھول دیے ہیں، جن کے پاس گھروں میں ایئر کنڈیشنر کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔

ڈاکٹروں کے عام شہریوں کو مشورے

یونانی ڈاکٹروں کی ملکی تنظیم نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جہاں تک ممکن ہو، دھوپ میں گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔

اس کے علاوہ شہریوں کو شراب نوشی سے پرہیز کرتے ہوئے کھلے اور ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہننا چاہییں اور معمول سے زیادہ نہانا چاہیے۔

کیا گرم موسم کورونا وائرس کو روک دے گا؟

ابھی تک یہ بات واضح نہیں کہ یونان میں شدید گرمی کی یہ لہر کب تک جاری رہے گی۔ کئی ماہرین موسمیات کے مطابق خدشہ ہے کہ گرمی کی یہ 'تاریخی لہر‘ دو ہفتے تک جاری رہ سکتی ہے۔

م م / ع ح (ڈی پی اے، اے ایف پی)