لاہور میں لڑکی کو ہراساں کرنے والا اوباش نوجوان گرفتار

ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ٹریس کر کے پولیس نے گرفتار کیا

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 4 اگست 2021 06:34

لاہور میں لڑکی کو ہراساں کرنے والا اوباش نوجوان گرفتار
 لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 اگست 2021ء )  شہر میں دندناتے بدقماش نوجوان لڑکیوں کو چھیڑنے لگے۔تھانہ نشتر کالونی میں لڑکی سے بداخلاقی اور نازیبا حرکت کی گئی۔ موٹر سائیکل سوار بدقماش لڑکے نے راہ گزر لڑکی سے بدتمیزی، نازیبا حرکات اور چھیڑ خانی کی جس کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔ متاثرہ لڑکی نے متعلقہ تھانے میں درخواست جمع کراتے ہوئے کہا کہ ملزم نے سرعام بداخلاقی کی، اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے ایس پی ماڈل ٹاؤن دوست محمد کو ملزم کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا جائے،خواتین کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے، ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ٹریس کرکے ملزم اسامہ کو گرفتار کرکے اس کے خلاف تھانہ نشتر کالونی میں مقدمہ درج کر لیا۔

ملزم کو مزید کارروائی کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔جبکہ دوسری طرف راولپنڈی کے تھانہ سٹی کے علاقے گوالمنڈی میں انسانیت کو شرما دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ملزمان روشن دان سے محلے میں مقیم میاں بیوی کی نجی زندگی کی خفیہ طور پر نازیبا ویڈیوز بناتے رہے،شہری نے پولیس کو بیان دیا کہ اہلیہ کے ساتھ گھر میں موجود تھا کہ شاہ میر، شانی، سلیمان اور ہاشم سمیت 8 ملزمان دیوار پھلانگ کر گھر کے اندر داخل ہوگئے اور پوچھا کہ یہ خاتون کون ہے، میں نے بتایا کہ میری اہلیہ ہے، تو ملزمان نے ہم دونوں سے بدتمیزی کی اور میری اہلیہ کو زد و کوب کیا۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، جب کہ 7 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔شہری کے مطابق شاہ میر اور شانی نے خفیہ طریقے سے نازیبا ویڈیو بنا رکھی تھی، ویڈیو کا علم اس وقت ہوا جب ملزمان نے بلیک میل کرنے کے لیے کہا کہ تمھاری ویڈیو ہمارے پاس محفوظ ہے اور اگرکوئی ہوشیاری کی تو تمہیں بدنام کریں گے۔ مدعی نے بتایا کہ جس گھر میں وہ اہلیہ کے ساتھ کے ساتھ مقیم تھا اس کو پہلے گودام کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا، اور مدعی نے دس دن قبل ہی وہ اہلیہ کے ساتھ وہاں رہائش اختیار کی تھی۔

متعلقہ عنوان :