سعودی مملکت میں اللہ کی مہربانی سے کورونا کیسز کم ہونے لگے

گزشتہ روز کورونا کیسز کی گنتی کم ہو کر 1,075 تک سمٹ آئی،مزید 1,113 مریض صحت یاب ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 4 اگست 2021 13:23

سعودی مملکت میں اللہ کی مہربانی سے کورونا کیسز کم ہونے لگے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 اگست 2021ء) سعودی عرب کی جانب سے کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے اچھی خبر یہ ہے کہ کئی روز کے بعد یومیہ کورونا کیسز 12 سو سے کم ہو گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مملکت میں 1,075 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جس سے اُمید پیدا ہو چلی ہے کہ اگلے چند روز میں یومیہ کیسز ایک ہزار کے ہندسے سے کم ہو سکتے ہیں۔

تاہم ابھی اس موذی وبا پر مکمل خاتمے کی منزل دُور ہے۔ سعودی عرب میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مملکت میں کورونا کیسز کی مجموعی گنتی 5 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق سوموار کے روز 1,293 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ جس کے بعد مجموعی کیسز کی گنتی 5لاکھ 28 ہزار سے ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز اس موذی مرض کی وجہ سے مزید 11 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 8,270 تک جا پہنچی ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں1,113 کورونا مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے۔ مملکت میں اب تک کی صحت یابیاں 5,10,107 ریکارڈ ہوئی ہیں۔اس وقت کورونا کے فعال کیسز کی گنتی 10,575 ہے۔جن میں سے 1,433 کی حالت تشویش ناک ہے۔ گزشتہ روز ریاض میں کورونا وائرس کے184 ، مکہ مکرمہ میں 209، مشرقی ریجن میں188،عسیرمیں 89 ، مدینہ ریجن میں 70، جازان میں 107، القصیم ریجن میں 62، حائل ریجن میں48، نجران ریجن میں 18، الباحہ میں13، تبوک ریجن میں 56، حدود شمالیہ میں20 اور الجوف ریجن میں10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سعودیہ کی 3کروڑ 40 لاکھ کی آبادی میں سے 6 سو کے لگ بھگ ویکسی نیشن سنٹرز کے ذریعے ویکسین کی دوکروڑ40 لاکھ سے زیادہ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔وزارت صحت نے تاکید کی ہے کہ جن مقامی اور تارکین افراد نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی، وہ پہلی فرصت میں رجسٹریشن کروا کر ویکسین لگوائیں اور خود کو محفوظ بنا لیں۔ مملکت میں ویکسین لگانے کا عمل دسمبر 2021ء کے دوسرے ہفتے میں شروع کیا گیا تھا۔ اس وقت مملکت میں کئی ویکسینز لگائی جا رہی ہیں۔ مملکت میں مقیم تمام مقامی اور غیر ملکی افراد کو مفت ویکسین لگائی جا رہی ہے۔