گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین سول لائنز جہلم میں شجرکاری مہم کے حوالے سے تقریب

Tariq Majeed Khokhar طارق مجید کھوکھر بدھ 4 اگست 2021 17:31

گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین سول لائنز جہلم میں شجرکاری مہم ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اگست2021ء) وزیراعظم پاکستان کے ویژن اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلع جہلم میں ''پلانٹ فار پاکستان'' مہم کے تحت محکمہ فاریسٹ کے زیر اہتمام گورنمنٹ ڈگری کالج فار ویمن دینہ اور گورنمنٹ گریجویٹ کالج فارویمن ڈنگی پلی میں شجرکاری تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ تحصیل دینہ میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر وقار علی خان تھے۔

اس موقع پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سدھیر احمد، اسسٹنٹ کمشنر دینہ وقار حسین، کالج کی پرنسپل، طالبات اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی اور پودے لگانے کے بعد مہم کی کامیابی کے لیے دعا کی۔ بعد ازاں گورنمنٹ گریجویٹ کالج فارویمن جہلم میں بھی شجرکاری تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عمر افتخار شیرازی تھے، اس کے علاؤہ چوہدری ندیم وائس چیئرمین ٹورازم ڈیپارٹمنٹ، سماجی کارکن ڈاکٹر شہزانہ امتیاز، فرحت کمال ضیا، پرنسپل کالج اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سدھیر احمد نے کہا کہ پلانٹ فار پاکستان ویک میں ضلع جہلم میں ایک لاکھ پودے لگائے جانے کا ٹارگٹ ہے،جس میں سرکاری دفاتر،ہسپتالوں اور پبلک و پرائیوٹ تعلیمی اداروں میں پودے لگائے جائیں گے اور ہماری کوشش ہے کہ پہلے کی طرح اس مہم کو بھی کامیاب بنایا جائے، ضلع جہلم کا پنجاب میں شجرکاری رینکنگ میں دوسرا نمبر ہے اور یہ ہم سب کے لیے بہت فخر کی بات ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر وقار علی خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہر شہری پر اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ پودے لگائے تاکہ ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کا خاتمہ کیا جاسکے۔اسی طرح گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج بلال ٹاؤن میں بھی پلانٹ فار پاکستان کے تحت شجر کاری کا آغاز کیا گیا جس میں پرنسپل طارق عزیز ، اصلاح الدین ، واحد علی ، محمد قاسم ، سی ایم بوٹا ، محمد نوید ، محمد منشا ، مظہر رحمان ، طارق محمود جو اسی کالج کے پروفیسرز ہیں نے کالج میں پودے لگا کر دعا کی ۔