سیکرٹری جنگلات کی ہدایت پر پرندوں کی غیرقانونی تجارت پر کارروائی

چڑیوں اور شارک کی فروخت میں ملوث افراد گرفتار، چالان اور جرمانے کر دئیے گئے

بدھ 4 اگست 2021 21:10

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) سیکرٹری جنگلات شاہد زمان کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنگلی حیات نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر پرندے بیچتے تین افراد کو پکڑ لیا۔ جبکہ ان کے پنجرے ضبط کرتے ہوئے سیکرٹری جنگلات نے تمام پرندے خود آزاد کر دئیے۔ سیکرٹری جنگلات نے ضبط کی جانے والی چڑیا اور شارک آزاد کرتے ہوئے کہا کہ پرندوں کی قید غیر قانونی عمل ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

شاہد زمان نے کہا کہ پرندوں کی غیر قانونی تجارت کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ دوسری جانب اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنگلی حیات تنویر احمد جنجوعہ نے پکڑے جانے والے تینوں افراد کے خلاف چالان کاٹتے ہوئے دو افراد پر 8 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ ایک فرد کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لاتے ہوئے اسے عدالت پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

لاہور کے علاقے ڈیفنس، مغلپورہ اور داتا دربار ایریا میں ممنوعہ پرندوں کی فروخت پر ڈی جی وائلڈ لائف نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف کارروائی کی توثیق کی اور تمام اضلاع کے افسران جنگلی حیات کو مراسلے کے ذریعے ہدایت کی کہ پرندوں کی تجارت کے ممنوعہ دھندے کے تدارک کیلئے اقدامات کریں وگرنہ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔