جولائی میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے دوران سات فلسطینی شہید

قابض فوج کی طرف سے فلسطینیوں پر 206 فائرنگ اور آباد کاروں کے 62 حملے کیے گئے،حماس میڈیاآفس

جمعرات 5 اگست 2021 12:30

غرب اردن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2021ء) قابض اسرائیلی فوج اورغاصب یہودی آباد کار گذشتہ جولائی کے دوران مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی شہریوں کے خلاف جرائم اور خلاف ورزیاں کرتے رہے۔ گذشتہ جولائی میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں سات فلسطینی شہید ہوئے جب کہ قابض فوج نے فلسطینی شہریوں کے حقوق کی 3886 بار پامالیوں کا ارتکاب کیا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق مغربی کنارے میں حماس کے میڈیا آفس کی طرف سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گذشتہ جولائی کے دوران قابض فوج نے 3886خلاف ورزیاں کیں۔ اس دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے سات فلسطینی شہید ہوئے۔رپورٹ میں اشارہ کیا گیا کہ شہدا ہیں: محمد فرید حسن ، عبدو یوسف التمیمی ، محمد منیر التمیمی ، یوسف نواف محراب ، شادی عمر سلیم ، محمد معیاد العالمی اور شوکت خالد عواد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

قابض فوج کی طرف سے فلسطینیوں پر 206 فائرنگ اور آباد کاروں کے 62 حملے کیے گئے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 2140 فلسطینی زخمی ہوئے۔ گذشتہ جون میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 1449 تھی۔رپورٹ میں شہریوں کے گھروں پر 115 چھاپوں اور مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں 325 دراندازیوں کا اندراج کیا گیا۔ گذشتہ ماہ اسرائیلی فوج کے کریک ڈاون میں 406 فلسطینیوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔