سندھ ایکشن کمیٹی کے پارلیمانی محاذ پر بھی اتحادکے خواہشمند ہیں، ڈاکٹر قادر مگسی

سندھ میں پانی کی کمی کا کیس پی پی سرکار ٹھیک انداز میں پیش نہیں کررہی، پی پی اورپی ٹی آئی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں

منگل 24 اگست 2021 00:38

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2021ء) سندھ ایکشن کمیٹی کے پارلیمانی محاذ پر بھی اتحادکے خواہشمند ہیں، سندھ میں پانی کی کمی کا کیس پی پی سرکار ٹھیک انداز میں پیش نہیں کررہی، پی پی اورپی ٹی آئی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، افغانستان میں ہونے و الی غیرمعمولی تبدیلی کے اثرات پورے خطے پر پڑیں گے، سندھ مزید تاریکین وطن کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے جی ایم سید کے فرزند سید امیر حیدر شاہ کے انتقال پر سندھ یونائٹیڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ ، سید زین شاہ اور سید خاندان کے افراد سے تعزیت کے موقع پر گفتگو میں کیا، ڈاکٹر قادر مگسی نے کہاکہ سید امیر حیدر شاہ ایک بااصول شخص تھے ان کی وفات سندھ کا نقصان ہے، مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے قادر مگسی نے کہاکہ سندھ ایکشن کمیٹی کو پارلیمانی محاذ پر پی پی سمیت دیگر وفاقی پارٹیوں کے متبادل کے طور پر عوام میں لانے کے لئے کمیٹی میں شامل تمام پارٹیوں سے صلاح مشورہ کرنے کے بعد جلد خوش خبریں دیں گے انہوںنے کہاکہ سندھ میں پانی کی کمی موجود ہے سندھ کو1991ء کے معاہدے کے مطابق پانی فراہم کیاجائے انہوںنے کہاکہ سندھ مزید تاریکین وطن کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتا سندھ حکومت افغانیوں کے سندھ میں داخل کو فوری طور پر روکے اس موقع پرحیدرملاح،گوتم چنا، علی شیر ودیگر بھی موجود تھے۔