طالبان رہنما کا لائیو انٹرویو کرنے والی افغان نیوز اینکر نے ملک چھوڑ دیا

پیر 30 اگست 2021 21:40

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2021ء) افغانستان کے معروف ٹی وی چینل پر کسی طالبان رہنما کا پہلی بار لائیو انٹرویو کرنے والی خاتون نیوز اینکر اپنا وطن چھوڑ کر بیرون ملک منتقل ہوگئیں۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق افغانستان کی نیوز اینکر بہشتا ارغند نے اہل خانہ سمیت اپنا وطن چھوڑ دیا ہے اور بیرون ملک منتقل ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے بہشتا ارغند نے بتایا کہ ہزاروں لوگوں کی طرح میں نے بھی افغانستان طالبان کے خوف سے چھوڑا تاہم ایک دن ایسا ضرور ا?ئے گا جب میں اپنے وطن لوٹوں گی۔24 سالہ نیوز اینکر بہشتا ارغند نے کابل پر قبضے کے بعد طلوع نیوز پر طالبان رہنما مولوی عبدالحق حمد کا انٹرویو کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔اس انٹرویو سے امید ہو چلی تھی کہ طالبان خاتون صحافیوں کو پردہ اسکرین پر آنے اور ملازمتیں کرنے کی آزادی دیں گے تاہم چند روز بعد ہی نجی ٹی وی کی خواتین صحافیوں کو کام کرنے سے روک دیا گیا تھا۔مولوی عبدالحق حمد کے بعد بہشتا ارغند نے ملالہ یوسف زئی کا بھی انٹرویو کیا تھا اور کہا جا رہا ہے کہ ملالہ نے ہی خاتون نیوز اینکر کو ملک چھوڑنے میں مدد کی ہے۔