بھائی پیار ، تعریف اور فخر کرنے سے مسئلہ ہے، سیاست کر کے ملک کو برباد کر نے سے کوئی مسئلہ نہیں ، یاسر حسین شرمیلا فاروقی کو جواب

اتوار 5 ستمبر 2021 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2021ء) معروف اداکار یاسر حسین نے اقرا عزیز کی حالیہ پوسٹ پر تبصرہ کرنے پر پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہاہے کہ بھائی پیار سے مسئلہ ہے، تعریف کرنے سے بھی مسئلہ ہے، فخر کرنے سے بھی مسئلہ ہے، سیاست کر کے ملک کو برباد کر نے سے کوئی مسئلہ نہیں ۔یاسر حسین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شرمیلا فاروقی کی جانب سے اہلیہ اقرا عزیز کی حالیہ ڈائپر بدلنے والی پوسٹ پر کیے گئے تبصرے پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ بھائی پیار سے مسئلہ ہے، تعریف کرنے سے بھی مسئلہ ہے، فخر کرنے سے بھی مسئلہ ہے۔

اداکار نے لکھا کہ سیاست کرکے ملک کو برباد کرنے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے اداکارہ اقرا عزیز کی حالیہ ڈائپر بدلنے والی پوسٹ پر تبصرہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

شرمیلا فاروقی نے اقرا عزیز کی پوسٹ میں بتائی گئی یاسر کی خصوصیات کو ہر اچھے باپ کی پہچان بتاتے ہوئے کہا کہ اس میں فخر کرنے والی کوئی بات نہیں۔شرمیلا نے لکھا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ آپ کا شوہر کام کررہا ہے لیکن اس میں فخر کرنے کی یا کوئی خاص بات نہیں۔

اپنے تبصرے میں شرمیلا فاروقی نے واضح کیا تھا کہ تمام اچھے باپ اپنے بچوں کے لیے ایسا کرتے ہیں۔رہنما پی پی نے کہا تھا کہ میرے شوہر بیٹے کو نہلاتے، ڈائپر تبدیل کرتے اور فیڈر پلاتے ہیں، اگر میری طبیعت ٹھیک نہ ہو تو ہمارے بیٹے کو اس کے اسکول چھوڑنے جاتے ہیں اور انہیں ایسا کرنا بہت پسند ہے۔