راولپنڈی اور اسلام آباد کے لیے گندم کے کوٹے کی پالیسی کو تبدیل کریں ، فلور ملز ایسوسی ایشنز کا وزیر خوراک ، سیکرٹری خوراکپنجاب اور دیگر حکام سے مطالبہ

پیر 6 ستمبر 2021 23:01

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 ستمبر2021ء) فلور ملز ایسوسی ایشنز اور ان کے مختلف عہدیداروں نے پنجاب کے وزیر خوراک، سیکرٹری خوراک اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے لیے گندم کے کوٹے کی پالیسی کو تبدیل کریں اور راولپنڈی کے لیے الگ کوٹہ مختص کریں تاکہ مستقبل میں آٹے کی فراہمی کی کمی اور مصنوعی قیمتوں میں اضافے سے بچا جا سکے، پیر کو اٹک کے سینئر صحافیوں امجد اقبال اور نثار علی خان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ راولپنڈی میں چلنے والی فلور ملوں کے لیے الگ کوٹہ مختص کیا جائے،انہوں نے سوال اٹھایاکہ جب دونوں شہروں کے فوڈ کنٹرولرز مختلف ہیںتوکوٹہ ایک جیسا کیوں ہے، انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی گندم کے بحران اور آٹے کے نرخوں میں اضافے کی وجہ ثابت ہو رہی ہے، فلور ملز ایسوسی ایشن نے کہا کہ ہم صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صوبہ میں اجناس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ضلع راولپنڈی کی فلور ملوں کو ان کے کوٹے کے مطابق علیحدہ گندم کا کوٹہ یقینی بنایا جائے،ان کا موقف تھا کہ دارالحکومت کے مقابلے میں راولپنڈی میں نسبتاًزیادہ آبادی ہے کیونکہ یہاں 84 فلور ملز اور 938 رولر باڈیز ہیں جبکہ اسلام آباد میں صرف 43 فلور ملز اور 545 رولر باڈیز ہیں، ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا کہ اگر اسلام آباد کا کوٹہ الگ نہ کیا گیا تو مستقبل میں آٹے کی کمی ہوگی کیونکہ راولپنڈی میں آبادی اور آٹے کی کھپت اسلام آباد کی نسبت زیادہ ہے۔