عابد باکسر پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے بلامقابلہ صدر منتخب

باکسنگ کو حقیقی معنوں میں عوامی کھیل بنائیںگے، نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے تسسل کے ساتھ مقابلے کرائے جائیںگے: سابق انسپکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 9 ستمبر 2021 12:53

عابد باکسر پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے بلامقابلہ صدر منتخب
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 ستمبر 2021ء ) عابد باکسر پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئے، عابد باکسر کا کہنا ہے کہ باکسنگ کو عوامی کھیل بنائیں گے، نیا ٹیلنٹ سامنے لایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کا اجلاس نیشنل ہاکی سٹیڈیم کے کانفرنس ہال میں ہوا جس میں اگلی مدت کے لیے عہدیداران کا انتخاب عمل میں لایا گیا ۔

رائو زاہد قیوم پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ، عابد باکسر صدر اور شرجیل ضیاء بٹ سیکرٹری منتخب ہوگئے، تمام عہدیداران کا انتخاب بلامقابلہ عمل میں آیا، میڈیا سے گفتگو میں نومنتخب صدر عابد باکسر نے کہا کہ ہم باکسنگ کو حقیقی معنوں میں عوامی کھیل بنائیں گے۔ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے تسسل کے ساتھ مقابلے کرائے جائیںگے، ہماری کارکردگی ہوگی تو لوگ متوازی تنظیم کو خود بخود بھول جائیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مشہور زمانہ سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر 10 سنگین مقدمات سے صاف بچ نکلے تھے، لاہورسیشن عدالت نے عابد باکسرکو تمام مقدمات سے بری کردیا تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ عابد باکسراور مدعی عرفان اسلم میں سمجھوتہ ہوگیا تھا، جواد فردوسی قتل کیس کے مدعی عرفان اسلم فردوسی نے عابد باکسر کو عدالت میں معاف کردیا ،عرفان اسلم فردوسی نے عدالت میں بیان دیا کہ عابد باکسر بھائی کے قتل میں ملوث نہیں ،جواد فردوسی قتل کیس میں عابد باکسر پر مشورہ کا الزام تھا، مون لائٹ سینما کے مالک کے قتل کیس میں عابد باکسر پہلے ہی بے گناہ ثابت ہوگئے تھے۔