خیبر پختون خوا،کورونا ایس او پیز کے تحت 22 ستمبر تک پابندیاں عائد

سینما گھر، باکسنگ، کراٹے، کبڈی، ریسلنگ اور تہواروں پر پابندی ہوگی، پبلک پارکس کورونا ایس او پیز کے تحت کھلے رہیں گے

بدھ 15 ستمبر 2021 14:33

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2021ء) خیبر پختون خوا میں کورونا ایس او پیز کے تحت 16 سے 22 ستمبر تک پابندیاں عائد کر دی گئیں، تمام تجارتی سرگرمیاں اور بازار رات 8 بجے بند ہوں گے۔محکمہ داخلہ خیبر پختون خوا کے مطابق صوبے بھر میں جمعے اور ہفتے کو تمام تجارتی سرگرمیوں پر پابندی ہو گی، پیٹرول پمپ، ویکسی نیشن سینٹرز، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ جنرل اسٹور اور بیکریز رات 10 بجے تک کھلی رہیں گی، اِن ڈور شادی، کلچر، موسیقی اور دیگر تقریبات پر پابندی ہوگی۔محکمہ داخلہ نے کہا کہ آئوٹ ڈور تقریبات میں زیادہ سے زیادہ 400 افراد کی شرکت کی اجازت ہو گی، پبلک ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز کے تحت 50 فیصد سواریوں کی اجازت ہوگی۔صوبے میں سینما گھر، باکسنگ، کراٹے، کبڈی، ریسلنگ اور تہواروں پر پابندی ہوگی، پبلک پارکس کورونا ایس او پیز کے تحت کھلے رہیں گے