ایف ڈی اے سٹی میں مختلف رقبہ جات کے پلاٹس 20اور21 ستمبرکو نیلام عام کے ذریعے فروخت کئے جائیں گے

جمعرات 16 ستمبر 2021 19:55

فیصل آباد ۔16ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر2021ء) :ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم نے ہدایت کی ہے کہ ایف ڈی اے سٹی میں 423 پلاٹس کی نیلامی کے تمام امورکو مروجہ پالیسی اور قواعدوضوابط کے تحت شفاف رکھاجائے اوراس سلسلہ میں نیلامی کا عمل ہر لحاظ سے جامع اور پراعتماد ہوناچاہئے۔ انہوں نے یہ ہدایت ایک میٹنگ کے دوران ایف ڈی اے سٹی کے پلاٹس کی نیلامی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کی جس میں ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ ودیگر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔

اجلاس کے دوران بتایاگیاکہ ایف ڈی اے سٹی میں مختلف رقبہ جات کے پلاٹس 20اور21 ستمبر کو نیلام عام کے ذریعے فروخت کئے جائینگے جس میں پچاس کمرشل پلاٹس جبکہ رہائشی پلا ٹس میں ایک کنال رقبہ کے 233 پلاٹس،10مرلہ کے 125 اور 5مرلہ کے6 پلاٹس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیلامی میں حصہ لینے کیلئے ہر بولی دہندہ کو نیلام سے قبل زیرضمانت کا بنک ڈرافٹ بحق ایف ڈی اے سٹی بمعہ اصل شناختی کارڈ جمع کرانا ہوگاجبکہ کامیاب بولی دہندگان کو کل زر نیلام کاایک تہائی حصہ نیلامی کی تاریخ سے سات یوم کے اندر جمع کروانا ہوگااور بقایا رقم ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کی طرف سے حتمی منظوری کے بعد تیس دن کے اندر جمع کروانا ہوگی۔

ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ نے بتایاکہ خریدے گئے پلاٹ کو مجوزہ تصرف کے علاوہ کسی دیگر مقصد کیلئے استعمال نہیں کیاجاسکے گا۔ انہوں نے بتایاکہ خرید ار کوانکم ٹیکس 5فیصد فائلر اور دس فیصد نان فائلر، ایک فیصد سٹمپ ڈیوٹی ادا کرنا ہوگی اور گورنمنٹ کی طرف سے کوئی دیگرٹیکس لاگو ہوا تووہ بھی بذمہ خریدار ہوگا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے تاکیدکی کہ پلاٹس کی نیلامی کے تمام معاملات کو فول پروف بنایاجائے اور نیلامی میں حصہ لینے کیلئے خواہشمند بولی دہندہ کی مکمل رہنمائی کی جائے۔ انہوں نے نیلامی کے پروگرام کو ہرسطح پر زیادہ سے زیادہ مشتہرکرنے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :