آسٹریلیا، پولیس اور مظاہرین میں تصادم ،267مظاہرین گرفتار

ہفتہ 18 ستمبر 2021 14:51

آسٹریلیا، پولیس اور مظاہرین میں تصادم ،267مظاہرین گرفتار
کینبرا۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2021ء) :آسٹریلیا کی پولیس نےلاک ڈاؤن مخالف مظاہرہ کرنے کے دوران پولیس  کے  ساتھ تصادم کے الزام میں  میلبورن  سے  235 اور سڈنی  سے  32 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

برطانوی خبررساں ادارے  کے مطابق وکٹوریہ پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ لاک ڈاؤن  کی مخالفت کرتے ہوئے تقریبا 700افراد میلبورن کے کچھ حصوں میں جمع ہونے میں کامیاب ہوئے اور انہوں نے احتجاج کے دوران کئی افسران کو زمین پر گرایا  اور پیروں کے نیچے روندا جس کے نتیجے میں  متعدد پولیس افسران زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی اور میلبورن  اور دارالحکومت کینبرا  ہفتوں سے سخت لاک ڈاؤن میں ہےاوروکٹوریہ ، نیو ساؤتھ ویلز اور کینبرا میں زیادہ تر پابندیاں اس وقت تک برقرار رہنی ہیں جب تک  16 اور اس سے زیادہ عمر کے 70 فیصد افراد کو مکمل طور پر ویکسین نہ دی جائے۔آسٹریلوئی باشندوں کی اکثریت ویکسین اور صحت عامہ کے اقدامات کی حمایت کرتی ہے  لیکن  سخت لاک ڈاؤن کے  خلاف کبھی کبھار اور بعض اوقات پرتشدد مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔