سلامتی کونسل کا طالبان پر مشترکہ اور سب کی نمائندہ حکومت بنانے پر زور

رکن ممالک پر امن ،مستحکم افغانستان کے خواہاں ہیں، جہاں کسی مشکل کے بغیر ،بلا تفریق انسانی امداد کی ترسیل کی جائے،انتونیو گوتیریس

جمعرات 23 ستمبر 2021 16:59

سلامتی کونسل کا طالبان پر مشترکہ اور سب کی نمائندہ حکومت بنانے پر زور
نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک امریکہ، روس، چین، برطانیہ اور فرانس نے طالبان پر افغانستان میں مشترکہ اور سب کی نمائندہ حکومت بنانے پر زور دیا ہے۔

(جاری ہے)

سلامتی کونسل کے رکن ممالک کے سربراہان سے ملاقات کے بعد سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوتیریس نے صحافیوں کو بتایا کہ رکن ممالک پٴْر امن اور مستحکم افغانستان کے خواہاں ہیں، جہاں کسی مشکل کے بغیر اور بلا تفریق انسانی امداد کی ترسیل کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ رکن ممالک افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کا احترام چاہتے ہیں، ملاقات میں افغانستان کو دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ نہ بننے دینے پر سب کا اتفاق ہوا ہے۔سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک نے گزشتہ روز برطانیہ کی درخواست پر اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائن میں ملاقات کی تھی۔