حکومت کی پالیسیوں،اصلاحات اورڈیجیٹل پاکستان ویژن نے ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کوتیزترکردیا ہے، سید امین الحق

ہفتہ 25 ستمبر 2021 13:42

حکومت کی پالیسیوں،اصلاحات اورڈیجیٹل پاکستان ویژن نے ڈیجیٹلائزیشن ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2021ء) وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نےکہا ہےکہ حکومت پاکستان کی پالیسیوں،اصلاحات اورڈیجیٹل پاکستان ویژن نےملک میں ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کوتیزترکردیا ہے جس کا ثبوت عالمی اداروں کی ریٹنگ میں پاکستان کی کئی درجے ترقی ہے جبکہ ملک میں براڈ بینڈ و موبائل فون صارفین میں اضافہ اور نوجوانوں میں آن لائن سروسز کے ذریعے باعزت روزگار کے حصول کے اعدادوشمار بھی روز بروز بڑھ رہے ہیں۔

ا نہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے ذیلی سیشن کے تحت عالمی ڈیجیٹل تعاون تنظیم کے اہم اجلاس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں پاکستان سمیت تنظیم کے 7 بانی ممالک سعودی عرب، عمان، بحرین، کویت، نائجیریا اور اردن کے وزراء شریک تھے، جبکہ اس موقع پر اقوام متحدہ کی اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل برائے پالیسی تعاون و بین الایجنسی امورماریہ فرانسیسکا نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سید امین الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہری و دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل تفریق کے خاتمے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اورخواتین کیلئے زیادہ سے زیادہ تعلیم، ہنراور روزگارکے مواقع فراہم کرنے کیلئے حکومت پاکستان متعدد پالیسیوں اور اصلاحات پر عمل پیرا ہے، جس کے نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ براہ رست سرمایہ کاری میں اضافہ، ملک بھر میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس انکوبیشن سینٹرز کے قیام، فری لانسرز و اسٹارٹ اپس کی صورت میں ہنرمند نوجوان مرد و خواتین کی ڈیجیٹل خدمات کے ذریعے باعزت روزگار کا حصول بھی ان ہی اصلاحات کا نتیجہ ہیں۔

وفاقی وزیر نے اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا کہ پاکستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں موبائل رابطوں اور ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ فراہمی کے ساتھ آپٹیکل فائبر کیبل یونین کونسل سطح تک بچھانے کے مختلف منصوبوں پر 31 ارب روپےسے زائد خرچ  کئے جارہے ہیں جبکہ رواں سال مزید 30 منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا جبکہ فری لانسرز کے مسائل کے حل اور آئی ٹی کمپنیوں کو بے پناہ مراعات کے نتیجے میں گذشتہ مالی سال میں آئی ٹی ایکسپورٹ میں 47 فیصد سے زائد ریکارڈ اضافہ ہوا۔

اسی طرح ملک کی تمام جامعات کے ذریعے آئی ٹی ہنرمندوں کی تربیت اور ڈی جی اسکلز پروگرام میں لاکھوں نوجوانوں کو تربیت کے مواقع فراہم  کئے  جارہے ہیں۔سید امین الحق کا کہنا تھا کہ ٹیلی کام شعبے کو انڈسٹری کا درجہ دینے، ٹیکس میں بتدریج کمی نے جہاں موبائل کمپنیوں کے منافع میں اضافہ کیا وہیں موبائل و براڈ بینڈ صارفین کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل پالیسیوں اصلاحات اورڈیجیٹل ایکو سسٹم کے مثبت نتائج نے عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی پوزیشن کو بہتر اورایشیاء میں تیز ترین معاشی ترقی کا حامل ملک بنادیا ہے، اسی طرح عالمی اقتصادی فورم نے آئی سی ٹی خدمات میں پاکستان کو ارزاں تریں ملک جبکہ انٹرنینشنل لیبر آرگنائزیشن نے آن لائن لیبر اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ سپلائرممالک میں دوسرے نمبر پر قرار دیا ہے۔

عالمی بینک پاکستان نے "ایز آف ڈوئنگ بزنس" کے اعتبار سے پاکستان کی رینکنگ میں بھی اضافہ کردیا ہے۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے اس موقع پر ڈیجیٹل تعاون تنظیم کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم کی بدولت قلیل عرصے میں نہ صرف ممبر ممالک کو باہمی تجربات سے استفادہ حاصل ہورہا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی اس اشتراک عمل کو پذیرائی مل رہی ہے انھوں نے ممبر ممالک کے وزراء اور اقوام متحدہ کی نمائندہ کو پاکستان آ نے کی دعوت دیتے ہوئے بحیثیت بانی رکن تنظیم میں اپنے فعال کردار کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔