نئی آئی پی ایل ٹیم 3 سے 4 ہزار کروڑ روپے میں بکنے کا امکان

ایک ٹیم کی بنیادی قیمت 2 ہزار کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے،بولی 25 اکتوبر کو لگے گی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 6 اکتوبر 2021 16:46

نئی آئی پی ایل ٹیم 3 سے 4 ہزار کروڑ روپے میں بکنے کا امکان
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 اکتوبر 2021ء ) آئی پی ایل کی 2 نئی ٹیموں کی قیمت فی کس 3 سے 4 ہزار کروڑ روپے لگنے کی توقع ہورہی ہے، دنیا کے امیر ترین بھارتی کرکٹ بورڈ کے خزانے میں جلد ہی 5000 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ متوقع ہے۔ بی سی سی آئی نے حال ہی میں آئی پی ایل کی نئی فرنچائزز کی فروخت کا اعلان کیا تھا، ٹیموں کی نیلامی 25 اکتوبر کو ہوگی، ایک ٹیم کی بنیادی قیمت 2 ہزار کروڑ بھارتی روپے مقرر کردی گئی لیکن اس بات کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ اپنی بنیادی قیمت سے بھی 50 سے 70 گنا زائد قیمت پر فروخت ہوں گی۔

(جاری ہے)

بی سی سی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئی بھی کمپنی 75 کروڑ روپے کی ادائیگی سے نیلامی کی دستاویز خرید سکتی ہے، پہلے بورڈ حکام نے نئی ٹیموں کیلیے بنیادی قیمت 1700 کروڑ روپے مقرر کرنے کا سوچا مگر پھر 2000 کروڑ روپے مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ پنجاب کنگز کے شریک مالک نیس واڈیا نے کہا کہ نئی ٹیموں کی فروخت کے حوالے سے کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے، توقع ہے کہ ایک ٹیم کی قیمت 3 ہزار سے 3500 کروڑ روپے تک لگ سکتی ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت آئی پی ایل ٹیموں کی تعداد 8 ہے تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ اب اس کو 10 کر دے گا۔