فٹ بال کے نئے جرمن کوچ کی ایک اور کامیابی، جرمن ٹیم قطر میں عالمی کپ کھیلے گی

DW ڈی ڈبلیو منگل 12 اکتوبر 2021 17:40

فٹ بال کے نئے جرمن کوچ کی ایک اور کامیابی، جرمن ٹیم قطر میں عالمی کپ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 12 اکتوبر 2021ء) پیر گیارہ اکتوبر کو جرمنی کا میچ شمالی مقدونیہ کے ساتھ تھا اور اس میں جرمن ٹیم کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے فتح حاصل ہوئی۔ اس جیت کے ساتھ ہی جرمنی سن 2022 کے ورلڈ کپ کے لیے بھی کوالیفائی کر گیا ہے۔ یہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم ہے۔ مبصرین کے مطابق شمالی مقدونیہ کے خلاف جیت اور عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر جرمن ٹیم کے کوچ ہانسی فلِک کے اعتماد میں یقینی طور پر اضافہ ہوا ہے۔

یہ میچ شمالی مقدونیہ کے دارالحکومت اسکوپیے میں کھیلا گیا تھا۔

گروپ جے کی لیڈر بھی جرمن ٹیم ہے اور اس کے تیئیس پوائنٹس ہیں۔ اسی گروپ میں دوسری پوزیشن پر رومانیہ کی ٹیم ہے اور اس کے تیرہ پوائنٹس ہیں۔

(جاری ہے)

شمالی مقدونیہ سے ہار کا بدلہ

پیر گیارہ اکتوبر کو جرمنی کی شمالی مقدونیہ پر جیت کو اُس شکست کا بدلہ قرار دیا گیا ہے، جو رواں برس کے اوئل میں جرمنی کو اسی حریف سے ملی تھی۔

شمالی مقدونیہ نے جرمن ٹیم کو اس کے ملک میں ایک کے مقابلے میں دو گول کر کے شکست سے دوچار کیا تھا۔ اب تک کھیلے جانے والے آٹھ میچوں میں جرمن ٹیم سات میچ جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔

فٹ بال کے ’دیوتا‘ بیماری کے سامنے لاچار

جرمن کوچ ہانسی فلِک کا کہنا ہے کہ یہ جیت جرمن ٹیم کے مثبت رویے کی عکاس ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شمالی مقدونیہ کے خلاف دوسرے میچ میں جیت سے ان کی ٹیم نے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی بھی کر لیا ہے، جو کھلاڑیوں کے پُراعتماد ہونے کو ظاہر کرتی ہے۔

جرمن ٹیم کے چار گول

جرمن ٹیم کی جانب سے شمالی مقدونیہ کے خلاف مڈ فیلڈر کائے لوکاس ہاورٹس اور اٹھارہ سالہ اٹیکر جمال موسیالا نے ایک ایک گول کیا۔ دو گول ٹیمو وارنر نے سترہویں اور تہترہویں منٹ میں کیے۔ میچ کے چاروں گول دوسرے ہاف میں کیے گئے۔ اس میچ کے دوران جرمن ٹیم نے بال پر پچھتر فیصد اپنا کنٹرول رکھا اور مخالف ٹیم کو کافی حد تک بے بس کر دیا تھا۔

نیمار کی اپنے مداحوں سے معذرت

گیارہ اکتوبر کو کھیلے جانے بقیہ میچ

رومانیہ نے آرمینیا کو ایک گول سے ہرایا۔ کروشیا اور سلوواکیہ کے درمیان میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ ترکی کی ٹیم نے لیٹویا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔

یہ امر اہم ہے کہ فیفا ورلڈ کپ میں بتیس ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اکتیس ٹیموں کو کوالیفائی کرنے کی ضرورت ہو گی جب کہ قطر پہلے ہی میزبان کی حیثیت میں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔

اب تک صرف دو ٹیمیں کوالیفائی کر چکی ہیں۔ ان میں ایک میزبان قطر اور دوسری جرمنی کی ٹیم ہے۔ ورلڈ کپ کھیلنے کا حق حاصل کرنے کی دوڑ میں دنیا کی کُل دو سو نو ٹیمیں شامل ہیں اور اس مرحلے میں مجموعی طور پر چھ سو گیارہ میچ کھیلیں جائیں گے۔

فٹ بال ورلڈ کپ ختم مگر روہنگیا اب بھی اس ’بخار‘ میں مبتلا

یہ ورلڈ کپ اکیس نومبر سے شروع ہو کر اٹھارہ دسمبر تک کھیلا جائے گا۔

ع ح/ع ا (اے ایف پی)