عید میلاد النبیﷺ کی آمد، وزیراعظم عمران خان کے گھر کو خصوصی طور پر سجا دیا گیا

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ میں واقعہ رہائش گاہ کو برقی قمقوں سے سجایا گیا، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں

muhammad ali محمد علی بدھ 13 اکتوبر 2021 20:32

عید میلاد النبیﷺ کی آمد، وزیراعظم عمران خان کے گھر کو خصوصی طور پر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر2021ء) عید میلاد النبیﷺ کی آمد، وزیراعظم عمران خان کے گھر کو خصوصی طور پر سجا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ کی آمد کے سلسلے میں کی جانے والی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ ملک بھر میں 19 اکتوبر بروز منگل کو 12 ربیع الاول کی تقریبات کا انعقاد ہو گا، گھر گھر کو، نجی و سرکاری عمارتوں کو خصوصی طور پر سجایا جائے گا۔

جبکہ وزیراعظم عمران خان کی ذاتی رہائش گاہ کو بھی خصوصی طور پر سجا دیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ میں واقعہ رہائش گاہ کو برقی قمقوں سے سجایا گیا، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ دوسری جانب بدھ کے روز وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت 12 ربیع الاول کی تقریب کی تیاریوں کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی وزرا ء فواد احمد چوہدری، پیرنور الحق قادری، شفقت محمود، معاونینِ خصوصی شہباز گِل، عثمان ڈار، سینیٹر فیصل جاوید، رکنِ قومی اسمبلی عامر محمود کیانی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی،گورنر سندھ عمران اسماعیل، سینیٹر سیف اللہ نیازی اور ڈاکٹر عطا الرحمن نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کو 12 ربیع الاول کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ پورے ملک میں 12 ربیع الاول کو شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا۔انہو ں نے کہا کہ پورے ملک میں اس حوالے سے تقریبات منعقد کی جائیں گی،اسلام آباد میں 12 ربیع الاول کی تقریب ملکی تاریخ کی سب سے بڑی تقریب ہوگی۔ واضح رہے کہ عید میلاالنبیﷺ کے سلسلے میں 12 ربیع الاول بروز منگل 19 اکتوبر کو ملک بھر میں عام تعطیل دی جائے گی۔