امریکہ کی جانب سے پاکستان کے لیے تقریبا ًایک کروڑ فائزر ٹیکوں کا اضافی عطیہ

جمعہ 15 اکتوبر 2021 16:35

امریکہ کی جانب سے پاکستان کے لیے تقریبا ًایک کروڑ فائزر ٹیکوں کا اضافی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2021ء) ریاستہائے متحدہ امریکہ نے  کوویکس سہولت کے تحت فائزر ویکسین کی  مزید  ۹۶ لاکھ خوراکیں پاکستان کو  بھیجنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس عطیہ کے بعد  پاکستان کو امریکہ کی جانب سے فراہم کردہ  کورونا  ٹیکوں کی مجموعی تعداد ڈھائی کروڑ  ہوجائے گی۔

یاد رہے کہ یہ فائزر ٹیکےامریکہ کی جانب سے رواں  سال موسم گرما میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے ۹۲ ممالک میں تقسیم  کرنے کی غرض سے خریدے جانے والے پچاس کروڑ فائزر ویکسین کی ایک  کھیپ  کا حصہ  ہیں جو صدر  بائیڈن کے  اُس عزم کی تکمیل کی جانب ایک قدم  ہے کہ امریکہ دنیا بھر میں محفوظ اور مؤثر ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے اور وبا کے خلاف بین الاقوامی اقدامات  کی حمایت کرے  گا ۔

ستمبر میں  منعقد ہونے والے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر کووڈ-۱۹ کے سَدِباب کے  بارے میں ہونے والے  ایک بین  الاقوامی ورچوئل ا جلاس میں صدر بائیڈن نے  امریکہ کی جانب سے  دنیا بھر میں کم اور کم تر آمدنی والے مُلکوں کو فائزر کے تیار کردہ  پچاس کروڑ اضافی  ٹیکے فراہم کرنے  کا  اعلان کیا ہے ، جن  کی ترسیل جنوری ۲۰۲۲ء میں  شروع ہوگی ۔

(جاری ہے)



اس موقع پر امریکی سفارتخانہ کی ناظم الامور اینجیلا پی ایگلر نے کہا  کہ امریکہ کے لیے یہ شراکت باعث فخر ہے کہ ہم مؤثر اور زندگی بچانے والی فائزر ویکسین پاکستانی شہریوں کے استعمال کے لیے فراہم کر رہے ہیں  جبکہ پاکستان نے  بھی  امریکہ کے  عطیہ کردہ ٹیکوں کی تقسیم کا عمل  احسن  طریقہ سےسرانجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ٹیکوں کی یہ کھیپ  اُس موقع پر پہنچ رہی ہیں جب  پاکستان میں بارہ سال سے زائد عمر کے  بچے کرونا سے  بچاؤ کے ویکسین  کی پہلی خوراک لے  رہے ہوں  گے ۔

انہوں نے  عوام سے کہا کہ وہ  ویکسین لگوائیں اور "میں  نے ویکسین لگوالی ہے” کے فریم کے ساتھ  خود اپنی تصویر کھینچیں اور انہیں  امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے ٹوئیٹر پر ٹیگ  کریں۔ یاد رہے کہ مذکورہ  فریم ایف نائن پارک میں عوامی ٹیکہ مرکز یا  امریکی سفارتخانہ کے قائم کردہ  متعدد لنکن کارنرز  پردستیاب  ہیں ۔

یاد رہے کہ امریکہ کووڈ۔

۱۹کی روک تھام کیلئے  حکومت ِپاکستان کے ساتھ  جاری اشتراک عمل کے دوران  چھ کروڑ تیس لاکھ ڈالرسے زیادہ مالیت  کی اعانت فراہم کر چُکا ہے۔   وبا پُھوٹنے سے لیکر اب تک امریکہ نے بیماری سے تحفظ اور اُس کے خاتمے، مریضوں کی دیکھ بھال میں بہتری لانے، لیبارٹری میں تشخیص کے طریقوں میں وسعت پیدا کرنے اور صَفِ اول میں  کام کرنے والے طبی کارکنوں کی مدد کیلئے پاکستان کے ساتھ مِل کرکام کیا ہے۔

واضح  رہے  کہ  امریکہ عالمی  سطح پر کووڈ۔۱۹ویکسین تک رسائی کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں کوویکس پروگرام  کوسب سے زیادہ اعانت فراہم کرنے والا ملک ہے۔