توانائی بحران مزید شدت اختیار کر رہا ہے، حماد اظہر مستعفی ہوجائیں،وزیرتوانائی سندھ

نیپرا کی رپورٹ موجودہ حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، حکومت فرنس آئل سے بجلی بناکر اپنے اے ٹی ایم کی جیبوں کو بھر رہی ہے،امتیازشیخ

بدھ 20 اکتوبر 2021 12:09

توانائی بحران مزید شدت اختیار کر رہا ہے، حماد اظہر مستعفی ہوجائیں،وزیرتوانائی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے توانائی بحران پر وفاقی وزیر حماد اظہر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ توانائی بحران مزید شدت اختیار کر رہا ہے،نیپرا رپورٹ حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے۔وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہاکہ تین وفاقی وزرا کی تبدیلی اور چار معاونین خصوصی کے مستعفی ہونے کے باوجود توانائی بحران مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

نیپرا رپورٹ کے مطابق ایل این جی کے دیر سے سودے ہونے کی وجہ سے قوم کو مہنگی بجلی کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے، حکومت فرنس آئل سے بجلی بنا کر اپنے اے ٹی ایم کی جیبوں کو بھر رہی ہے۔امتیاز شیخ نے کہا نیپرا نے اپنی رپورٹ میں واضح کر دیا ہے کہ حکومت ایل این جی کی بجائے فرنس آئل سے مہنگی بجلی بنا رہی ہے۔ وفاقی وزیر اپنی نااہلی اور ناکامی کا اعتراف کرنے کے بجائے نیپرا رپورٹ کو مسترد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسلسل غلط فیصلوں کی وجہ سے گرمیوں میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب قوم کو بھگتنا پڑا۔ سردیوں میں گیس بحران مزید شدت اختیار کر جائے گا۔