سپریم کورٹ کا پیپلز میڈیکل یونیورسٹی نواب شاہ کے وائس چانسلر کی2 ماہ تک تقرری کا حکم

بدھ 20 اکتوبر 2021 20:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2021ء) سپریم کورٹ نے پیپلز میڈیکل یونیورسٹی نواب شاہ کے وائس چانسلر کی تقرری سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد کیس کی سماعت کے موقع پردو ماہ میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کا حکم دے دیا ہے۔معاملہ کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت درخواست گزار ڈاکٹر شمس الدین کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آج امیدوارن کے انٹر ویو کئے جا رہے جس پر چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دئیے کہ صوبہ سندھ کی بدقسمتی ہے کہ 14 اکتوبر 2020 کے عدالتی حکم کے بعد بھی وائس چانسلر بھی نہیں لگایا جا سکا،اصل مسئلہ یہ ہے کہ حکومت اپنا بندہ لگانا چاہتی ہے، سندھ حکومت میں ایک وائس چانسلر لگانے کی بھی صلاحیت نہیں ہے،سپریم کورٹ کا حکم کے بعد کمیٹی نیا رولز نہیں بنا سکتی،دو ماہ میں عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی ہو گی۔

سپریم کورٹ نے 14 اکتوبر 2020 کو پیپلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کاحکم دیاتھا۔اپنے حکم میں سپریم کورٹ نے وائس چانسلرکی تقرری کیلئے پہلے دئیے گئے اشتہار کے تحت کاروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔سپریم کورٹ میں ڈاکٹر شمس الدین نے تقرری کے عمل میں شامل ہونے کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے۔۔۔توصیف