اسٹیل ملز اسٹیک ہولڈرزگروپ کی نیپرا کوخطوط کی مخالفت

ایس ای سی پی، نیپرااورپورٹ قاسم سے فریق نہ بننے کی استدعا، کارروائی کا مطالبہ

جمعہ 22 اکتوبر 2021 12:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2021ء) پاکستان اسٹیل ملز اسٹیک ہولڈرز گروپ نے اسٹیل ملز انتظامیہ کی جانب سے نیپرا کو لکھے گئے خطوط کی شدید مخالفت کی ہے، جن میں اسٹیل ملز کا الیکٹرک پاور جنریشن لائسنس سبسڈری کمپنی اسٹیل کورپ پرائیویٹ لمیٹڈ کو منتقل کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

گروپ نے مطالبہ کیا ہے کہ اسٹیل ملز کے مفادات کو بالائے طاق رکھ کے متوقع خریدار کمپنی کوفائدہ پہنچانے کے لیے کام کرنے والے غیرقانونی طور پر تعینات شدہ افراد بشمول موجودہ سی ای او اور کمپنی سیکرٹری کو فوری برطرف کیا جائے ۔

مزید برآں اسٹیل ملز کے کم مالیت ظاہر کیے گئے اثاثے ، پاور جنریشن لائسنس اور جیٹی کے حقوق وغیرہ کی سبسڈری کمپنی اسٹیل کورپ پرائیویٹ لمیٹڈ کو منتقلی کے عمل کو فوری روکا جائے اور اس سلسلے میں ایس ای سی پی ، نیپرا اور پورٹ قاسم اتھارٹی اپنا غیر جانبدارانہ کردار ادا کریں اور احتساب کے قومی ادارے ذمہ دار افراد کا کڑا احتساب کریں جو مسلسل اسٹیل ملز کو نقصان پہنچانے میں ملوث ہیں۔