سعودی عرب سے روانگی کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے اہم ہدایات جاری

سعودیہ سے سفر کیلئے لازمی ہے کہ روانگی سے 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرایا جائے ، یہ ٹیسٹ کسی ایسی لیبارٹری سے کرایا جائے جو حکومت سے منظور شدہ ہوورنہ یہ ٹیسٹ قابل قبول نہیں ہوگا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 اکتوبر 2021 15:44

سعودی عرب سے روانگی کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے اہم ہدایات جاری
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 اکتوبر 2021ء ) سعودی عرب سے روانگی کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے اہم ہدایات جاری کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ وامیگریشن (جوازات) کی جانب سے مملکت سے روانگی کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں کہ سعودی عرب سے سفر کے لیے لازمی ہے کہ روانگی سے زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرایا جائے تاہم کورونا ٹیسٹ کرانے سے قبل اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ ٹیسٹ کسی بھی ایسی لیبارٹری سے کرایا جائے جو حکومت سے منظور شدہ ہوورنہ یہ ٹیسٹ قابل قبول نہیں ہوگا۔

جوازات کی جانب سے یہ وضاحت اس وقت کی گئی جب ایک پاکستانی نے سعودیہ سے پاکستان سفر کے حوالے سے جوازات سے آن لائن دریافت کیا کہ فیملی کو جدہ سے اسلام آباد جانا ہے، کتنی دیر قبل پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوتا ہے؟۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سعودی عرب سے چھٹی پر پاکستان گئے کارکنوں کے ہروب سے متعلق سوالات کی بھی وضاحت آگئی ، جوازات سے ہروب کے متعلق قوانین کے بارے میں بعض افراد کی جانب سے دریافت کیا گیا ، جن میں سے ایک شخص نے پوچھا کہ پاکستان چھٹی پر گیا تھا مگر پابندی کی وجہ سے واپس نہیں جاسکا اسی لیے کفیل کی جانب سے ہروب فائل کر دیا گیا ، کیا اب میں دوبارہ دوسرے ویزے پرسعودی عرب جاسکتا ہوں؟۔

اس کے جواب میں وضاحت کی گئی ہے کہ جوازات کے قوانین کے مطابق خروج وعودہ پر اپنے ملک جانے والے غیر ملکی کارکنان کا ہروب فائل نہیں ہو سکتا ، کیوں کہ ہروب کا مطلب ہے آجر کے پاس سے فرار ہونا جب کہ چھٹی پر گئے ہوئے کارکن آجر کی مرضی سے خروج وعودہ پر جاتے ہیں۔ جوازات کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خروج وعودہ ویزا کارکن نہیں بلکہ آجر کے ابشر یا مقیم پورٹل سے لگایا جاتا ہے اس لیے خروج وعودہ پر جانے والوں کو ہروب کی کیٹیگری میں شامل نہیں کیا جا سکتا۔