وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

جمعرات 28 اکتوبر 2021 16:21

وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2021ء) لاہور کی مقامی عدالت نے ازالہ حیثیت عرفی کیس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے یکم نومبر کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ایڈیشنل سیشن جج حسنین اظہر شاہ نے نجی کمپنی کی کی جانب سے دائر استغاثہ پر سماعت کرتے ہوئے 30ہزار مچلکوں کے عوض قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ کیس بریت کی درخواست کے لئے فکس تھاتاہم سارا دن شہباز گل کے نمائندے کا انتظار کرتے رہے لیکن کوئی پیش نہیں ہوا ، ان حالات میں شہباز گل کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہیں۔ عدالت نے شہبازگل کو 30 ہزار کے مچلکے جمع کرا کے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ نجی کمپنی نے معاون خصوصی شہباز گل پر دعوی دائر کررکھا ہے۔ دعوے میں درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا کہ شہباز گل نے نجی ٹی وی پروگرام میں کمپنی پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے ،ملزم کے الزامات سے کمپنی کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔