اختلاف رائے رکھنا ہر شخص کا حق ، تنقید برائے اصلاح ہونی چاہئے ، میر ظہور بلیدی

پارٹی کو مضبوط اور فعال بنانے کے لئے عہدیداروں اور ورکروں سمیت قیادت میں باہمی رابطوں کو ترجیح دیکر آگے بڑھیں گے

منگل 2 نومبر 2021 23:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2021ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے قائم مقام صدر رکن صوبائی اسمبلی میر ظہور بلیدی نے کہا ہے کہ اختلاف رائے رکھنا ہر شخص کا حق ہے تنقید برائے اصلاح ہونی چاہئے تاکہ تمام معاملات کو گفت و شنید کے ذریعے حل کیا جاسکے پارٹی کو مضبوط اور فعال بنانے کے لئے عہدیداروں اور ورکروں سمیت قیادت میں باہمی رابطوں کو ترجیح دیکر آگے بڑھیں گے تاکہ ورکروں کی اپنی قیادت اور نمائندوں تک باآسانی رسائی ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پارٹی دفتر میں بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی چیف آرگنائزر نو منتخب اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی کی صحت یابی کے لئے دعائے صحت کے موقع پر گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر بی اے پی کے مرکزی رابطہ سیکرٹری فتح جمالی، ضلع کوئٹہ کے صدر حاجی ولی محمدنورزئی ملک خدا بخش لانگو ، میر عبدالرئوف رند، شاہ زمان غلزئی اور ورکروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے بہت کم مدت میں معرض وجود میں آنے کے بعد کامیابی حاصل کی اور بر سر اقتدار آکر بلوچستان کے سلگتے ہوئے مسائل صوبے کی پسماندگی اور عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کو دور کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے موجودہ صورتحال کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لئے پارٹی کے بانی مرکزی قائدین اور سینئر نمائندے ورکروں کے ساتھ بیٹھ کر معاملات کو بہتر بنانے کے لئے گفت و شنید کے ذریعے آگے بڑھیں گے انہوں نے کہا کہ پارٹی میں اختلاف رائے رکھنا ہر ایک کا حق ہے لیکن پارٹی کے فیصلوں پر تنقید اصلاح کی غرض سے کی جائے تاکہ جو لوگ تنقید یا اختلاف رائے رکھتے ہیں پارٹی کی قیادت اور سینئر رہنمائوں کو اس کا بخوبی جائزہ لینا چاہئے کہ اختلاف رائے اور تنقید کس بنیاد پر ہورہی ہے تاکہ ان ایشوز کو دور کرکے گفت و شنید کے ذریعے صورتحال کو بہتر بنایا جائے اور تنقید برائے اصلاح پر عمل پیرا ہوکر معاملات کو بہتری کی جانب لے جایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام پارٹی کی مرکزی ، صوبائی عہدیدار اور ورکر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں اور ہم ملکر بات چیت کے ذریعے ہی چیزوں کو حل کریں گے تاکہ بلوچستان عوامی پارٹی کو جس مقصد کے لئے بنایا گیا تھا اس مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔ اور بی اے پی کو بلوچستان سمیت ملک بھر میں مزید مضبوط اور فعال بنایا جاسکے۔ اس موقع پر پارٹی کے مرکزی چیف آرگنائزر نو منتخب اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی گئی اور نیاز تقسیم کی گئی۔