این اے 133ضمنی انتخاب،الیکشن ٹربیونل نے جمشید اقبال ،مسرت چیمہ کی اپیل پر تحریری فیصلہ جاری کردیا

سپریم کورٹ ماضی میں جن قانون کے اصولوں کی تشریح کرچکی ہے، الیکشن ٹربیونل اس قانونی اصول کی مزید تشریح کرنے کا مجاز نہیں

ہفتہ 6 نومبر 2021 15:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2021ء) این اے 133 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے معاملے پر الیکشن ٹربیونل نے پی ٹی آئی کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور کورننگ امیدوار مسرت جمشید چیمہ کی اپیلوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس شاہد جمیل خان نے 12 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

(جاری ہے)

فیصلے میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے طے شدہ اصولوں کی ٹربیونل تشریح نہیں کرسکتا، سپریم کورٹ ماضی میں جن قانون کے اصولوں کی تشریح کرچکی ہے، الیکشن ٹربیونل اس قانونی اصول کی مزید تشریح کرنے کا مجاز نہیں، جمشید اقبال چیمہ ، مسرت جمشید چیمہ کی اپیل کو مسترد کیا جاتا ہے۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ درخواست گزرا کے وکیل نے بتایا کہ تجویز کنندہ کی والدہ اور بھائی کا ووٹ این اے 133 میں ہے، درخواست گزار بھی ان کے ساتھ اسی رہائش گاہ پر رہتا ہے جبکہ تجویز کنندہ کا ووٹ این اے 130 میں ہے، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق تجویز کنندہ کا تعلق متعلقہ حلقے سے ہونا لازمی ہے۔